ممبئی، 16 جولائی (ہ س)۔
ملک
کے سب سے بڑے سرکاری بینک اسٹیٹ بینک آف انڈیا نے مالی سال 2025-26 کے دوران گھریلو
سرمایہ کاروں سے 20,000 کروڑ روپے جمع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے بینک
بانڈز جاری کرے گا، جس کی منظوری اس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے دے دی ہے۔ بدھ کے روز
اسٹیٹ بینک نے اسٹاک مارکیٹ کو باقاعدہ اطلاع دی کہ باسل III اصولوں کے مطابق اضافی ٹائر-1 اور ٹائر-2
بانڈز کے اجرا کے ذریعے یہ سرمایہ جمع کیا جائے گا۔ بینک کے مطابق بانڈز صرف گھریلو
سرمایہ کاروں کے لیے ہوں گے، اور جہاں ضرورت ہو، حکومت ہند سے بھی منظوری حاصل کی
جائے گی۔
فنڈنگ کے اس منصوبے کی خبر کے بعد اسٹیٹ
بینک کے حصص میں بھی مثبت رجحان دیکھا گیا۔ بامبے اسٹاک ایکسچینج اور نیشنل اسٹاک
ایکسچینج پر ایس بی آئی کے شیئرز تقریباً 2 فیصد بڑھ کر دن کی بلند ترین سطح 832
روپے تک پہنچ گئے۔ اگرچہ گزشتہ 12 مہینوں کے دوران بینک کے حصص کی قدر میں تقریباً
6 فیصد کی کمی ہوئی ہے، تاہم رواں سال 2025 کے آغاز سے اب تک ان میں 5 فیصد کی
مثبت واپسی درج ہوئی ہے۔ بورڈ کی منظوری کے بعد اب بینک اپنی سرمایہ کاری حکمت عملی
کو رفتار دے کر مالیاتی استحکام کو مزید تقویت دینے کی کوشش کرے گا۔
ہندوستھان سماچار
——————–
ہندوستان سماچار / خان این اے
