کولکاتا، 11 اپریل (ہ س)۔ میٹروپولیٹن کولکاتا سمیت پوری ریاست میں عید کے موقع پر درجہ حرارت میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ حالانکہ گرمی برقرار ہے۔ علی پور میں محکمہ موسمیات کے علاقائی ہیڈکوارٹر کی طرف سے جمعرات کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کولکاتا میں کم سے کم درجہ حرارت 25.6 ڈگری سیلسیس درج ہوا جو معمول کے مطابق ہے۔ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34.6 ڈگری سیلسیس ہے جو معمول سے ایک ڈگری کم ہے۔
کولکاتا کے علاوہ ہاوڑہ، ہگلی، شمالی اور جنوبی 24 پرگنہ، مشرقی اور مغربی مدنا پور، پرولیا، بانکوڑا سمیت ریاست کے دیگر حصوں میں درجہ حرارت 26 سے 35 ڈگری سیلسیس کے درمیان ہے۔ اس کے علاوہ مطلع ابر آلود ہے جس کی وجہ سے ہوائیں اوپر نہیں اٹھ پا رہی ہیں۔ امس بھری گرمی مسلسل محسوس ہورہی ہے۔ اسی طرح کا موسم اس پورے ہفتے جاری رہے گا۔ شمالی بنگال میں علی پور دوار، کوچ بہار، جلپائی گوڑی، دارجلنگ اور کلمپونگ میں بھی ایسا ہی موسم ہے۔
