ای ڈی نے 2.54 کروڑ روپے برآمد کیے، واشنگ مشین میں ملی نقدی
نئی دہلی، 27 مارچ ۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے حال ہی میں مختلف ریاستوں میں چھاپے مار کر کروڑوں روپے ضبط کیے ہیں۔ اس سلسلے میں ای ڈی نے واشنگ مشین میں چھپائے گئے تقریباً 2.50 کروڑ روپے بھی ضبط کر لیے۔ یہ کارروائی فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت کی گئی ہے۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے مطابق فارن ایکسچینج ایکٹ (فیما) کی مبینہ خلاف ورزی کے ایک معاملے کے سلسلے میں مختلف شہروں میں تلاشی کے دوران 2.54 کروڑ روپے کی نقدی ضبط کی گئی ہے۔ اس کا ایک حصہ ’’واشنگ مشین‘‘ میں چھپا کر رکھا گیا تھا۔ ڈائریکٹوریٹ نے ایک بیان میں کہا کہ کیپریکورنیان شپنگ اینڈ لاجسٹک پرائیویٹ لمیٹڈ جیسی کمپنیوں اور اس کے ڈائریکٹر وجے کمار شکلا اور سنجے گوسوامی اور متعلقہ کمپنیوں کے احاطے میں تلاشی لی گئی۔
مرکزی تفتیشی ایجنسی کے مطابق ان منسلک کمپنیوں میں لکشمٹن میری ٹائم، ہندوستان انٹرنیشنل، راجنندینی میٹلز لمیٹڈ، اسٹوارٹ الائیز انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ، بھاگیہ نگر لمیٹڈ، ونائک اسٹیلز لمیٹڈ، وشیشٹھ کنسٹرکشن پرائیویٹ لمیٹڈ اور ان کے ڈائریکٹر اور شراکت دار سندیپ گرگ، ونود کیڈیا اور دیگر کے احاطے کی تلاشی لی گئی۔ تاہم ای ڈی نے یہ واضح نہیں کیا ہے کہ یہ تلاشی دہلی، حیدرآباد، ممبئی، کولکاتا اور کروکشیتر میں کب کی گئی۔ ای ڈی نے کہا کہ کل 47 بینک کھاتوں کے لین دین کو بھی منجمد کیا گیا ہے۔
