جموں ،3 فروری
جموں سرینگر قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت دو دن تک معطل رہنے کے بعد ہفتہ کی صبح دوبارہ شروع ہو گئی ۔تاہم، محکمہ ٹریفک نے مسافروں کو مشورہ دیا کہ وہ لین کے نظم و ضبط کی پیروی کریں اور احتیاط سے گاڑی چلائیں کیونکہ ضلع رامبن میں شیربی بی کے قریب روڈ کا ایک حصہ سنگل لین ہے اور کئی جگہوں پر پھسلن بھی ہے۔وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں سے جوڑنے والی واحد ہمہ موسمی جموں سرینگر قومی شاہراہ جمعرات کی صبح شیربی بی کے قریب کشتواڑ پتھر میں لینڈ سلائیڈنگ سے گاڑیوں کی آمدرفت کے لئے بند ہو گئی تھی ۔ جس سے سینکڑوں گاڑیاں دونوں اطراف پر پھنس گئیں۔
رامبن اور بانہال کے درمیان مختلف مقامات پر برف باری سے سڑک پر پھسلن پیدا ہو گئی جب کہ بارش کی وجہ سے مگر کوٹ، پنتھیال، میہڑ، کیفیٹیریا موڑ اور ڈلواس میں سڑک بند ہوگئی۔عہدیداروں نے بتایا کہ سخت کوششوں کے بعد، متعلقہ روڈ کلیئرنس ایجنسیوں نے ملبہ کو صاف کیا اور درماندہ گاڑیوں کو جمعہ کی دوپہر کے آخر میں اپنی اپنی منزلوں کی طرف جانے کی اجازت دی، جس سے آج صبح دونوں اطراف سے معمول کی ٹریفک بحال ہو گئی۔
محکمہ ٹریفک کے ایک اہلکار نے بتایا کہ 434 کلومیٹر طویل سری نگر-لیہہ قومی شاہراہ اور جموں خطہ کے سرحدی اضلاع پونچھ اور راجوری کو جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع سے جوڑنے والی مغل روڈ اب بھی شدید برف باری کی وجہ سے بند ہے۔
