دہلی سے بہار جا رہی مسافروں سے بھری بس حادثہ کا شکار، سات زخمی
کانپور، 05 اپریل ۔ تیس مسافروں کو لے کر نئی دہلی سے بہار جا رہی بس جمعہ کی صبح بے قابو ہو گئی اور نوبست تھانہ علاقے کے وراٹ نگر میں ہائی وے پر حادثہ کا شکار ہو گئی۔ حادثے میں ایک بچے سمیت سات افراد زخمی ہو گئے۔ سبھی کو علاج کے لیے قریبی اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساؤتھ رویندر کمار نے بتایا کہ ایک بس بی آر 02 پی اے 7568 جو نئی دہلی سے بہار جا رہی تھی، وہ چکری اور نوبستہ کے درمیان پرتاپ ہوٹل کے سامنے چکری کی طرف جاتے ہوئے بے قابو ہو کر ہائی وے پر الٹ گئی۔ اس بس میں حادثے کے وقت کل 30 مسافر سوار تھے۔ حادثے میں تین سالہ بچے سمیت سات افراد زخمی ہو گئے۔ بچے کے ہاتھ اور ٹانگیں زخمی ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو فوری طور پر نوبستہ کے اتمارام اسپتال میں علاج کے لیے داخل کروایا۔ اس کے ساتھ ہی کرین کے ذریعے بس کو سڑک سے ہٹانے کے بعد گاڑیوں کی آمدورفت بحال کردی گئی ہے۔
