نئی دہلی ، 03 فروری
دنیا کی معروف ای کامرس کمپنی ایمیزون کے بانی جیف بیزوس اگلے 12 ماہ میں کمپنی کے 50 ملین ( 5 کروڑ) شیئرز فروخت کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق فی حصص 171.8 ڈالر کی موجودہ قیمت پر ایمیزون کے ان حصص کی کل مالیت 8.6 بلین ڈالر ہے۔
امریکی سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن (ایس ای سی) کے پاس فائلنگ کے مطابق،ایمیزون کے ارب پتی بانی نے زیادہ سے زیادہ 50 ملین شیئرز فروخت کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ ایس ای سی فائلنگ کے مطابق، جیف بیزوس ایمیزون اسٹاک کے تقریباً ایک ارب حصص کے مالک ہیں۔ اکتوبر-دسمبر سہ ماہی میں متوقع فروخت سے زیادہ رجسٹر ہونے کے بعد جمعہ کو ایمیزون کے حصص میں تقریباً 8 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔کمپنی کی ایک نئی سالانہ رپورٹ کے مطابق ایمیزون کے حصص کی فروخت کا یہ منصوبہ گزشتہ سال 8 نومبر کو شروع ہوا تھا جو 31 جنوری 2025 تک مکمل ہوگا۔ ایمیزون کی خالص فروخت 31 دسمبر 2023 کو ختم ہونے والی سہ ماہی میں 14 فیصد اضافے کے ساتھ 170 بلین ڈالر تک پہنچ گئی ، جبکہ 2022 کی چوتھی سہ ماہی میں یہ 149.2 بلین ڈالر تھی۔قابل ذکر ہے کہ جیف بیزوس نے 1994 میں آن لائن ای کامرس کمپنی ایمیزون کی بنیاد رکھی تھی۔ بلومبرگ بلینیئرز انڈیکس کے مطابق بیزوس اس وقت دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص ہیں جن کی مجموعی مالیت 185 بلین ڈالر ہے۔
