جے پور، 27 جنوری ۔
ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان میکانائزڈ انفنٹری پر مبنی مشترکہ فوجی مشق کا پہلا ایڈیشن 29 جنوری سے 10 فروری 2024 تک مہاجن فیلڈ فائرنگ رینج میں منعقد کیا جائے گا۔ اس مشق میں ہندوستانی اور سعودی عرب کی فوجوں کے تقریباً 90 فوجی شامل ہوں گے، جو ماضی میں کیے گئے مختلف فوجی آپریشنز سے اپنے تجربات کا اشتراک کریں گے اور مستقبل کے فوجی تعاملات کی بنیاد رکھیں گے۔ ’ابھیاس سدا تنسیک‘ مشق ایک سالانہ تقریب ہوگی، جو متبادل طور پر منعقد کی جائے گی۔ یہ معلومات پبلک ریلیشن آفیسر (دفاع) کرنل امیتابھ شرما نے ہفتہ کو دی۔
کرنل امیتابھ شرما نے کہا کہ دونوں فوجیں اقوام متحدہ (یو این) کے مینڈیٹ کے تحت نیم صحرائی علاقے میں مشترکہ کارروائیوں پر توجہ مرکوز کریں گی اور 13 دنوں کے دوران سخت اور درست فوجی تربیت سے گزریں گی۔ یہ مشق دونوں فوجوں کو اقوام متحدہ کے مینڈیٹ کے تحت ٹیکٹیکل آپریشن کرنے کے لیے حکمت عملی، تکنیک اور بہترین طریقوں کا اشتراک کرنے کے قابل بنائے گی اور دونوں فوجوں کے درمیان باہمی تعاون اور دوستی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ یہ مشترکہ مشق دفاعی تعاون کی سطح میں اضافہ کرے گی اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دے گی۔
