حیدرآباد، 26 جنوری(ہ س)۔
گورنرتلنگانہ ڈاکٹر تمیلی سائی سوندراراجن نے جناب عامر علی خان نیوزایڈیٹرروزنامہ سیاست اورپروفیسرکودنڈا رام کو رکن قانون ساز کونسل نامزد کرنے حکومت کی سفارش کو منظوری دے دی ہے۔ حکومت تلنگانہ نے گورنر کوٹہ کے تحت 2 ارکان قانون ساز کونسل کی مخلوعہ نشستوں پر نامزدگی کیلئے جناب عامر علی خاں اور پروفیسرکودانڈا رام کے ناموں کی سفارش کی تھی جسے گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے آج منظوری دیدی۔
کانگریس ہائی کمان نے ادارہ سیاست کی سماجی‘ معاشی‘ فلاحی و تعلیمی سرگرمیوں کے اعتراف کے طور پر عامر علی خاں کی بحیثیت رکن قانون ساز کونسل نامزدگی کی سفارش کی تھی جس کو گورنر نے آج منظور کرلیا۔گورنرتلنگانہ ڈاکٹرٹی سوندراراجن کی جانب سے عامرعلی خان کے ساتھ پروفیسرکودنڈا رام کے نام کو منظوری دی گئی ہے۔
پروفیسر کودنڈا رام نے تحریک تلنگانہ کے دوران تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی تشکیل کے ذریعہ علحدہ ریاست کیلئے جدوجہد کرنے والے تمام سیاسی قائدین‘ جماعتوں اورطلبہ تنظیموں کے علاوہ سماجی تنظیموں کومتحد کرنے میں کلیدی کرداراداکیاتھااورحصول تلنگانہ کی جدوجہد کونئی تحریک عطا کی تھی۔ پروفیسر کودنڈا رام جامعہ عثمانیہ میں بہ حیثیت پروفیسر طویل عرصہ تک خدمات انجام دے چکے ہیں اور انہوں نے اپنی خدمات کے دوران بھی تحریک تلنگانہ کو فروغ دینے میں ہم کردار ادا کیا تھا۔
