سوشل میڈیا پر قابل اعتراض تبصرہ کرنے والے ڈاکٹر کے خلاف مقدمہ درج
مرزا پور، 18 جنوری (ہ س)۔ پولیس نے بدھ کو ایک ڈاکٹر کے خلاف سوشل میڈیا پر اجودھیا میں 22 جنوری کو ہونے والے شری رام للا کے پران پرتیشٹھا کے حوالے سے قابل اعتراض پوسٹس کرنے کا مقدمہ درج کیا ہے۔ سی ایم او نے نوٹس جاری کرکے وضاحت طلب کی ہے۔
وشو ہندو پریشد کے راج گڑھ بلاک صدر رویندر سنگھ نے منگل کو راج گڑھ پولیس اسٹیشن میں سوشل میڈیا پر اس ڈاکٹر کے خلاف شکایت درج کروائی جس نے 22 جنوری کو اجودھیا میں رام للا کے بارے میں قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا۔
الزام عائد کیا گیا کہ نیو پرائمری ہیلتھ سنٹر کھٹکھریا میں تعینات ڈاکٹر اجیت کیسروانی نے 22 جنوری کے حوالے سے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا۔ اس سے عام لوگوں اور ہندو تنظیموں سے وابستہ لوگوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔ یہ پوسٹ ایمپلائی کنڈکٹ سروس رولز کے بھی خلاف ہے۔
پولیس نے ملزم ڈاکٹر کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ چیف میڈیکل آفیسر نے متعلقہ ڈاکٹر کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کر کےوضاحت طلب کر لی ہے۔
راج گڑھ پولیس اسٹیشن کے انچارج انسپکٹر وجے شنکر سنگھ پٹیل نے بتایا کہ وشو ہندو پریشد کے راج گڑھ بلاک صدر نے ایک ڈاکٹر کے خلاف شکایت درج کروائی تھی جس میں ان پر سوشل میڈیا پر قابل اعتراض تبصرہ کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔ معاملہ درج کر لیا گیا ہے اور معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
