جموں، 11 جنوری (ہ س)۔
جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے ساتھ واقع جنگلاتی علاقے میں جمعرات کو آگ نے پورے جنگل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔حکام نے بتایا کہ آگ کی واردات میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔جبکہ محکمہ جنگلات کے اہلکار آگ بجھانے میں مصروف عمل ہیں ۔جنگلاتی علاقے میں آگ کئی ایکڑ اراضی تک پھیل گئی اور درختوں اور دیگر جنگلاتی مواد کو تباہ کر دیا ہے ۔
بتا دیں کہ جموں و کشمیر میں مسلسل خشک موسم کی وجہ سے بیشتر جنگلاتی علاقوں میں آگ کی وارداتیں رونما ہو رہی ہیں جس وجہ سے قیمتی جنگلات تباہ ہو رہے ہیں ۔کچھ عناصر سوکھے گھاس کو آگ لگاکر پورے ماحولیات کا صفایا کروا رہے ہیں ۔وہیں محکمہ جنگلات جنگلوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لا رہا ہے ۔لوگوں کو جنگلات کے تحفظ اور جنگلات کی اہمیت کے بارے میں بیدار کرنے کے لئے بیداری کیمپ منعقد کئے جا رہے ہیں ۔محکمہ کی طرف سے لوگوں کو خبر دار کیا گیا ہے کہ وہ جنگل میں آگ لگانے سے باز رہیں بصورت دیگر اُن کے خلاف فارسٹ ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
اصغر/ہندوستھان سماچار
/عطاءاللہ
