رامبن کے چملواس میں کرکٹ کھیلتے ہوئے کرنٹ لگنے سے نوجوان لقمہ اجل
جموں، یکم دسمبر (ہ س)۔ ضلع رامبن کے چملواس علاقے کے ہرگام میں جمعرات کی شام مقامی کھیل کے میدان میں کرکٹ کھیلتے ہوئے کرنٹ لگنے سے ایک 22 سالہ نوجوان کی موت ہو گئی۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ پولیس تھانہ بانہال کو اطلاع ملی کہ ایک 22 سالہ ابرار افضل سہیل ولد محمد افضل سہیل ساکن چملواس بانہال کے ہرگام میں کرکٹ کھیل رہا تھا۔ اس دوران بجلی کا جھٹکا لگا اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
مقامی لوگوں نے نیم مردہ حالت میں نوجوان کو سب ڈسٹرکٹ اسپتال بانہال پہنچایا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم اور دیگر قانونی کارروائیوں کے بعد مقتول کی لاش کو آخری رسومات کے لیے قانونی ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔ ایس ایچ او تھانہ بانہال محمد افضل وانی نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مزید تفتیش کے لیے تھانہ بانہال میں دفعہ 174 سی آر پی سی کے تحت تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ دریں اثنا مقامی لوگوں نے موت کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے غیر جانبدارانہ انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
