پٹنہ، 18 اکتوبر(ہ س)۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو آج تین روزہ دورے پر بہار پہنچیں، جہاں انہوں نے ریاستی حکومت کے بلند نظر چوتھے زرعی روڈ میپ کا افتتاح کیا۔
مرمو بدھ کے روز یہاں لوک نائک جے پرکاش نارائن بین الاقوامی ہوائی اڈہ پہنچیں، جہاں گورنر راجیندر وشواناتھ آرلیکر، وزیر اعلیٰ نتیش کمار، اسمبلی اسپیکر اودھ بہاری چودھری سمیت کئی وزراء اور سینئر عہدیداروں نے ان کا استقبال کیا۔ اس کے بعد صدرجمہوریہ باپو آڈیٹوریم پہنچیں، جہاں انہوں نے طے شدہ پروگرام کے مطابق چوتھے ایگریکلچر روڈ میپ 2023-28 کا افتتاح کیا۔
زرعی روڈ میپ کا افتتاح کرنے کے بعد صدر جمہوریہ مرمو نے راج بھون میں دوپہر کا کھانا کھایا اور شام کو سکھوں کے 10ویں گرو گووند سنگھ کے درشن کے لئے پٹنہ شہر کے تخت ہری مندر صاحب جا ئیں گی۔ وہ بہار کے اپنے تین روزہ دورے کے دوران موتیہاری میں مہاتما گاندھی سنٹرل یونیورسٹی، گیا میں ساؤتھ بہار سنٹرل یونیورسٹی اور پٹنہ میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) کے کانووکیشن تقریب میں بھی شرکت کریں گی۔
واضح رہے کہ صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو کا صدر بننے کے بعد بہار کا یہ پہلا دورہ ہے۔ اس دورہ کے دوران مرمو دو یونیورسٹی کے کانووکیشن میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گی۔ اس کے علاوہ صدر جمہوریہ ہند مختلف پروگراموں میں بھی حصہ لیں گی۔
ہندوستھان سماچار/ افضل/سلام
