ایف سی گوا اور ایسٹ بنگال کے سامنے چیلنجز یکساں لیکن مقاصد مختلف
گوا، 6 مارچ ۔ آج شام ہوم گراونڈ فاتوردا اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں جب ایف سی گوا انڈین سپر لیگ (آئی ایس ایل) 24-2023 کے میچ میں ایسٹ بنگال ایف سی کی میزبانی کرے گا، تو اس کا مقصد اس سیزن کے دوسرے ہاف میں اپنی پہلی جیت حاصل کرنا ہوگا۔
سیزن کے آغاز سے اب تک 12 میچوں میں ناقابل شکست رہنے کے بعد ایف سی گوا کو کھلاڑیوں کی چوٹوں کی وجہ سے مسلسل تین شکستوں کا سامنا کرنا پڑا، حالانکہ انہوں نے گزشتہ میچ میں ممبئی سٹی ایف سی کے ساتھ 1-1 سے ڈرا کھیلا تھا۔ سیزن کے مضبوط آغاز کی وجہ سے وہ اب بھی ٹیبل میں چوتھے نمبر پر ہیں۔ وہ (16 میچوں میں 29 پوائنٹس) لیگ لیڈرز اڈیشہ ایف سی (18 میچوں میں 35 پوائنٹس) سے صرف چھ پوائنٹس پیچھے ہیں اور انہوں نے جوگرناٹس سے دو کم میچ کھیلے ہیں۔
اسی طرح ایسٹ بنگال ایف سی کو اپنے پچھلے مقابلے میں اڈیشہ ایف سی سے برتری کھو کر 2-1 سے شکست کا سامنا کرنا تھا۔ وہ ٹیبل میں نویں پوزیشن پر موجود ہیں۔ وہ (17 میچوں میں 18 پوائنٹس) چھٹے نمبر پر موجود بنگلورو ایف سی (18 میچوں میں 21 پوائنٹس) سے صرف تین پوائنٹس پیچھے ہیں۔
اس طرح ایف سی گوا اور ریڈ اینڈ گولڈ بریگیڈ دونوں کے پاس سیزن کے لیے اپنے اپنے مقاصد کو پورا کرنے کا پورا موقع ہے۔
ایف سی گوا کے ہسپانوی ہیڈ کوچ مانولو مارکیز نے منگل کو میچ سے پہلے کی پریس کانفرنس میں کہا، ’’تقریباً تمام میچوں کا پہلا ہاف میرے لیے ایک جیسا رہا ہے۔ بس یہی کچھ لمحات میچ کا فیصلہ کرتے ہیں۔ ممبئی میں جب حریف نے ابتدائی گول کیا تو ہماری ٹیم نے بہت اچھا جواب دیا جو دوسرے میچوں میں نظر نہیں آیا۔‘‘
ایسٹ بنگال ایف سی کے ہسپانوی ہیڈ کوچ کارلس کواڈراٹ نے میچ سے پہلے کہا، ’’ابھی 15 پوائنٹس کے لیے میچ کھیلے جانے ہیں اور بہت سی چیزیں ابھی بھی ہوسکتی ہیں، اس لیے مجھے نہیں لگتا کہ پلے آف مقامات کے لیے چیلنج رکھنے کا یہ آخری موقع ہے۔ ‘‘
آپ کو بتاتے چلیں کہ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 7 میچ کھیلے جا چکے ہیں، جس میں ایف سی گوا نے 4 اور ایسٹ بنگال نے 1 میچ جیتا ہے، جب کہ 2 میچ ڈرا ہوئے ہیں۔
