نئی دہلی، 15 نومبر (ہ س)۔ آج کا دن ہندوستانی کرکٹ کی تاریخ کا ایک بہت ہی ناقابل فراموش دن ہے۔ آج کے دن 15 نومبر 1989 کو، سچن تندولکر نامی 16 سالہ باصلاحیت کھلاڑی نے کراچی میں پاکستان کے خلاف بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کیاتھا،جس نے 24 سال پر محیط منفرد کیرئیر پر مشتمل ناقابل یقین کرکٹ سفر کا آغاز کیا۔
وسیم اکرم اور وقار یونس جیسے مضبوط بولنگ اٹیک کا سامنا کرتے ہوئے، سچن 15 رن بنا کر آوٹ ہوگئے، لیکن کرکٹ کی دنیا کو بہت کم معلوم تھا کہ یہ ایک عظیم سفر کا آغاز ہے ۔
کرکٹ کے بھگوان کے طور پر جانے جانے والے تندولکر کو کھیل کوبلندی پر پہچانے والے عظیم ترین بلے بازوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ 2013 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ہندوستان کی سیریز کے دوران ان کی ریٹائرمنٹ نے ایک شاندار کیریئر کا خاتمہ کیا، جس کے دوران وہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔
بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے کا ریکارڈ سچن کے پاس ہے۔ انہوں نے 664 بین الاقوامی میچوں میں 48.52 کی اوسط سے 34357 رن بنائے۔ ان کی حیران کن 100 بین الاقوامی سنچریاں اور 164 نصف سنچریاں بے مثال ہیں جس کی وجہ سے وہ سنچریوں کی سنچری بنانے والے واحد کھلاڑی ہیں۔
سچن کا اثر ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں فارمیٹس پر پھیلا ہوا ہے، انہوں نے ٹیسٹ میں 15,921 اور ون ڈے میں 18,426 رن بنائے۔ان کے نام 201 بین الاقوامی وکٹیں بھی ہیں، جس کی وجہ سے وہ پارٹ ٹائم اسپن باولنگ کا ایک بہت مفید آپشن رہے۔ کل 664 بین الاقوامی مقابلوں کے ساتھ، وہ اب تک کے سب سے زیادہ کیپڈ کھلاڑی ہیں۔ وہ اس ہندوستانی ٹیم کا حصہ تھے جس نے 2011 میں آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ جیتا تھا۔
سچن نے 2008-2013 تک چھ آئی پی ایل سیزن کھیلے اورتمام ممبئی انڈینز کے لیے کھیلے ، جہاں انہوں نے 78 میچوں میں 34.84 کی اوسط سے کل 2334 رن بنائے۔ آئی پی ایل میں سچن کے نام 13 نصف سنچریاں اور ایک سنچری ہے، انہوں نے 119.82 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 29 چھکے اور 295 چوکے لگائے ہیں۔ انہوں نے بطور کھلاڑی فرنچائزی کے ساتھ ٹورنامنٹ کا 2013 کا ایڈیشن جیتا تھا۔
سچن کی بہترین کارکردگی آئی پی ایل 2010 میں آئی۔ انہوں نے 15 میچوں میں 47.53 کی اوسط اور 132.61 کے اسٹرائیک ریٹ سے 618 رن بنائے۔ انہوں نے اس سیزن میں پانچ نصف سنچریاں بنائیں اور ان کا بہترین انفرادی اسکور 89* تھا۔ انہوں نے اس سیزن میں اورنج کیپ جیتی۔ ایم آئی اس سیزن میں رنر اپ رہی تھی۔
ہندوستھان سماچار
