لکھنو، 30 اکتوبر (ہ س)۔ انگلینڈ کے کوچ میتھیو موٹ نے سابق انگلش کپتان ایون مورگن کے اس بیان کی تردید کی ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ٹیم کے اندرکوئی گہرا مسئلہ ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم رواں ورلڈ کپ میں اپنے چھ میں سے پانچ میچ ہار کر ٹورنامنٹ سے تقریباً باہر ہو چکی ہے۔
موٹ نے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ میں میزبان بھارت کے ہاتھوں انگلینڈ کی 100 رنوں کی مایوس کن شکست کے بعد میڈیا سے بات کی، اور جب ہیڈ کوچ سے مورگن کی جانب سے دیے گئے تبصروں کے بارے میں پوچھا گیا، تو انھوں نے کہا، ”ایون کو اپنی بات کہنے کا حق ہے۔ وہ ظاہر طور پر اپنے بچے کی پیدائش کی وجہ سے چند ہفتوں سے دور رہے ہیں ۔ وہ کمروں کے اندر یا اس کے آس پاس نہیں رہے، لیکن میں یقینی طور پر اس مدعے کو ان کے سامنے رکھوں گا اور ان سے بات چیت کروں گا۔ اس کے ساتھ واقعی اچھے تعلقات ہیں۔ لہذا، اگر وہ ایسا دیکھ رہا ہے جو میں نہیں دیکھ رہا ہوں، تو میں ضرور ان سے بات کروں گا۔“
آپ کو بتاتے چلیں کہ انگلینڈ کے سابق ورلڈ کپ فاتح کپتان نے ٹورنامنٹ میں انگلینڈ کی خراب کارکردگی پر بات کرتے ہوئے ایک چینل پر کہا تھا، ”میرے خیال میں ڈریسنگ روم میں کچھ اور ہی چل رہا ہے، ٹیم کے اندر کچھ مسئلہ ہے۔“
موٹ نے کہا،”میرے خیال میں خراب نتائج کے باوجود ہم ایک ناقابل یقین حد تک سخت یونٹ ہیں – یہاں تک کہ ایک سابق رگبی انٹرنیشنل ڈیو ہمفریز ، جب ایک ہفتے کے لیے آئے تھے ،وہ بھی حیران رہ گئے ہماری یونٹ اتنی چست کیسے تھی؟“
انگلینڈ کی ٹیم اگلے ہفتے کو احمد آباد میں اپنے اگلے میچ میں آسٹریلیا کا مقابلہ کرے گی۔
ہندوستھان سماچار
