نئی دہلی، 28 نومبر (ہ س)۔ آسٹریلیا نے ہندوستانی ٹیم کے خلاف موجودہ ٹی۔20سیریز کے بقیہ میچوں کے لیے اپنی ٹیم میں تبدیلیاں کی ہیں۔ آسٹریلیا نے ٹی ۔20 اسکواڈ سے ورلڈ کپ جیتنے والے چھ کھلاڑیوں کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسٹیو اسمتھ، گلین میکسویل، ایڈم زمپا، مارکس اسٹوئنس، جوش انگلس اور شان ایبٹ کو بھارت کے خلاف جاری پانچ میچوں کی ٹی۔20 سیریز کے بقیہ تین میچوں سے آرام دیا گیا ہے۔ کرکٹ ڈاٹ کام ڈاٹ اے یو کے مطابق، ورلڈ کپ کے فاتح اسٹیو اسمتھ اور ایڈم زمپا آج رات گوہاٹی میں ہونے والے تیسرے میچ سے پہلے ہی وطن واپس پہنچ چکے ہیں، جب کہ گلین میکسویل، مارکس اسٹوئنس، جوش انگلس اور شان ایبٹ کل واپس آئیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستانی ٹیم پانچ میچوں کی ٹی-20 سیریز میں 2-0 سے آگے ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹی۔ 20 میچ آج رات گوہاٹی میں کھیلا جائے گا۔
آسٹریلوی ٹیم: میتھیو ویڈ (کپتان)، جیسن بہرنڈورف، ٹم ڈیوڈ، بین ڈوارشوئس، نیتھن ایلس، کرس گرین، ایرون ہارڈی، ٹریوس ہیڈ، بین میک ڈورموٹ، جوش فلپ، تنویر سنگھا، میٹ شارٹ، کین رچرڈسن۔
ہندوستھان سماچار
