راجوری کے جنگلات میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پردہ فاش، اسلحہ برآمد
جموں، 7 دسمبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع راجوری کے جنگلات میں چھپے دہشت گردوں کی تلاش کے دوران سیکورٹی فورسز کو ایک بڑی کامیابی ملی ہے۔ خطہ میں تین روز قبل گرفتار دہشت گردوں کے دو مددگاروں کے انکشاف پر بدھل کے گاؤں بہروت میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کر کے اسلحے کا ذخیرہ ضبط کیا گیا۔ اس کاروائی میں دو پستول میگزین، ایک پستول، 30 پستول کے راؤنڈ، 2 دستی بم، ایک رین کوٹ، 6 پستول کے پاؤچ، وائر کٹر، ادویات اور دیگر اشیا برآمد کی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق 17 نومبر کو بہروت گاؤں میں فوج، پولیس اور سی آر پی ایف کے مشترکہ آپریشن میں ایک دہشت گرد مارا گیا تھا۔ اس معاملہ میں تین دن قبل بہروت کے رہنے والے دہشت گردوں کے دو مددگاروں کو راجوری پولیس نے گرفتار کیا تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ گرفتار مددگار محمد فاروق اور محمد نذیر سے پولیس نے باریک بینی سے پوچھ گچھ کی۔ دوران پوچھ گچھ اُنہوں نے بہروت گاؤں میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کا انکشاف کیا۔ سیکورٹی فورسز نے اس ٹھکانے سے اسلحہ کی ایک کھیپ برآمد کی جس کے بعد ٹھکانے کو مسمار کر دیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
