بنگال میں موسم نے لی کروٹ، مسلسل بارش سے پارہ گرا
کولکاتا، 20 مارچ میٹروپولیٹن شہر کولکاتا سمیت ریاست کے دیگر حصوں میں مسلسل بارش ہو رہی ہے جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی درج کی گئی ہے۔ علی پور میں محکمہ موسمیات کے علاقائی ہیڈکوارٹر کی طرف سے بدھ کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کولکاتا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 11.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ جس کی وجہ سے کم سے کم درجہ حرارت معمول سے پانچ ڈگری سیلسیس نیچے گر کر 18.9 ڈگری سیلسیس پر آ گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے چار ڈگری کم ہو کر 30.4 ڈگری سیلسیس پر آ گیا ہے۔ اس کی وجہ سے ہلکی سردی بھی محسوس کی ہورہی ہے۔
کولکاتا کے علاوہ ریاست کے دیگر حصوں بشمول ہاوڑہ، ہوگلی، شمالی اور جنوبی 24 پرگنہ، مشرقی اور مغربی مدنا پور، پرولیا، بانکوڑہ میں بھی بارش ہو رہی ہے۔ یہ سلسلہ اگلے دو دن یعنی جمعہ تک جاری رہے گا۔ اس کی وجہ سے ریاست میں درجہ حرارت مزید گر سکتا ہے۔ تاہم یہ مستقل نہیں ہوگا اور اگلے ہفتے سے درجہ حرارت ایک بار پھر بڑھنا شروع ہو سکتا ہے۔ شمالی بنگال کے علی پور دوار، کوچ بہار، جلپائی گوڑی، دارجلنگ اور کلمپونگ میں بھی اسی طرح کا موسم ہے۔
