بنگال میں درجہ حرارت پھر بڑھنے لگا
کولکاتا، یکم نومبر (ہ س)۔ نومبر کے آغاز میں جہاں ایک طرف شمالی اور مشرقی ہندوستان میں سردی نے دستک دینا شروع کر دی ہے، وہیں اس کے برعکس مغربی بنگال میں درجہ حرارت میں معمولی اضافہ شروع ہو گیا ہے۔ بدھ کو محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کولکاتا میں کم سے کم درجہ حرارت 23.5 ڈگری سیلسیس اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31.6 ڈگری سیلسیس ہے جو کہ معمول سے ایک ڈگری زیادہ ہے۔
کولکاتا کے علاوہ ریاست کے دیگر حصوں بشمول ہاوڑہ، ہگلی، شمالی اور جنوبی 24 پرگنہ، مشرقی اور مغربی میدنی پور، پرولیا، بنکورہ میں بھی درجہ حرارت میں معمولی اضافہ درج کیا گیا ہے۔ ریاست میں ایک ہفتے سے زیادہ عرصے سے بارش نہیں ہوئی ہے اور اس دوران درجہ حرارت میں کمی کی وجہ سے رات کو ہلکی سردی پڑنے لگی ہے۔
ادھر موسم کی یہ اچانک تبدیلی وائرل بیماریوں کو دعوت دے رہی ہے۔ ریاست کے سرکاری اسپتالوں میں بھی نزلہ، کھانسی، بخار اور دیگر وائرل بیماریوں میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ شمالی بنگال کے علی پور دوار، کوچ بہار، جلپائی گوڑی، دارجلنگ اور کلمپونگ میں بھی موسم بدل رہا ہے۔ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں تک ایسا ہی موسم رہے گا۔
