سری نگر اسکول ایجوکیشن کشمیر کے ڈائریکٹر نے جمعرات کو نجی اسکولوں کو طلباء سے ممنوعہ کیپٹیشن چارجز وصول کرنے پر سخت کارروائیوں کا انتباہ دیا۔ ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کشمیر تصدق حسین میر نے کہا کہ ان اسکولوں کو کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا جو داخلہ یا متفرق چارجز وصول کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ محکمہ نے پہلے ہی اس سلسلے میں ایک سرکلر جاری کر دیا ہے اور وہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ 12ویں جماعت کے طلبہ میں غلط سوالیہ پرچہ تقسیم کرنے کے حالیہ واقعہ کے بارے میں میر نے کہا کہ حکومت نے پہلے ہی ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ ذمہ دار کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی اور حقائق پر مبنی رپورٹ حکومت کو پیش کی جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کل سے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔جان بوجھ کر یا غیر ارادی طور پر جو بھی اس غلطی کا ذمہ دار ہے اسے بخشا نہیں جائے گا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ بدھ کے روز 12ویں جماعت کے سالانہ باقاعدہ امتحانات میں شامل ہونے والے طلباء کو گیارہویں جماعت کا سوالیہ پرچہ دیا گیا تھا۔ بورڈ نے بعد میں امتحان منسوخ کر دیا-
