ٹینکر الٹنے سے لگی آگ، ڈرائیور جھلس کر جاں بحق
کولکاتا، 28 فروری ۔ مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا میں صبح سویرے ایک بڑا سڑک حادثہ پیش آیا۔ بدھ کی صبح سینٹرل ایونیو پر محمد علی پارک کے قریب ایک آئل ٹینکر الٹ گیا۔ جیسے ہی ٹینکر الٹا اس میں رکھے تیل میں آگ لگ گئی۔ آگ لگنے سے ڈرائیور جھلس کر جاں بحق ہو گیا۔
پولیس نے بتایا کہ اطلاع ملنے کے بعد فائر بریگیڈ کی دو گاڑیاں آگ بجھانے کے لیے موقع پر پہنچ گئیں لیکن تب تک آگ سڑک کے کنارے واقع ایک گھر تک پھیل چکی تھی۔ چونکہ جہاں حادثہ پیش آیا وہ گھنی آبادی والا ہے اس لیے آگ کے مزید پھیلنے کا خطرہ تھا۔ کچھ ہی دیر میں پورا علاقہ کالے دھوئیں سے بھر گیا۔ بعد میں مزید آٹھ انجن موقع پر پہنچ گئے۔ آگ بجھانے کے لیے کل دس انجنوں نے مل کر کام کیا۔ سخت محنت کے بعد فائر بریگیڈ نے صبح سات بجے تک آگ پر قابو پالیا۔
فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق بدھ کی صبح تقریباً 5 بجے دھرمتلا کی طرف جانے والا آئل ٹینکر بے قابو ہو کر الٹ گیا۔ جاں بحق ڈرائیور کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے اور معاملے کی جانچ شروع کردی گئی ہے۔
