بہار کا درجہ حرارت 35 ڈگری سیلسیس تک پہنچا، دھوپ اور گرمی کی وجہ سے دن میں گھر سے نکلنا مشکل
پٹنہ ۔ بہار میں موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی اس کی شدت میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ مارچ مہینے کو گزرے صرف 14 دن ہوئے ہیں، لیکن دن میں سورج کی روشنی اتنی تیز ہوتی ہے کہ مئی جون کی یاد دلا دیتی ہے۔ لوگوں کا گھر سے باہر نکلنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مدھوبنی گزشتہ 24 گھنٹوں میں ریاست کا سب سے گرم ضلع رہا۔
موسمیاتی مرکز پٹنہ نے ٹویٹر پر پوسٹ کیا اور بتایا کہ مدھوبنی 34.9 ڈگری سیلسیس کے ساتھ گرم ترین ضلع تھا۔ یہاں درجہ حرارت میں 1.4 ڈگری سیلسیس کا اضافہ دیکھا گیا۔ اس کے بعد بکسر اور شیخ پورہ 34.8 ڈگری سیلسیس کے ساتھ دوسرے گرم ترین اضلاع رہے۔ گرمی کے باعث لوگوں کا جینا محال ہو گیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی دیگر اضلاع میں بھی درجہ حرارت 30 ڈگری سیلسیس سے زیادہ درج کیا گیا۔ بانکا کا درجہ حرارت 34.7 ڈگری سیلسیس، موتیہاری 33.6 ڈگری سیلسیس، بھاگلپور 33.5 ڈگری سیلسیس، بھوجپور 33.9 ڈگری سیلسیس، گیا 33.1ڈگری سیلسیس، گوپال گنج 32.8 ڈگری سیلسیس، پورنیہ 32.2 ڈگری سیلسیس اور دیگر اضلاع میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اورنگ آباد میں درجہ حرارت میں 0.3 ڈگری سیلسیس کی کمی ہوئی اور 33.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
واضح ہو کہ آج بہار کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سیلسیس سے 36 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہنے کا امکان ہے جبکہ رات کا کم سے کم درجہ حرارت 16 ڈگری سیلسیس سے 18 ڈگری سیلسیس تک ریکارڈ کیا جا سکتا ہے ۔ آج بھی آسمان پر چمکتی دھوپ نظر آئے گی۔ حالانکہ 19 مارچ کو جنوبی وسطی اور جنوب مشرقی بہار کے کچھ حصوں میں ہلکی بارش کے حالات دیکھے جا رہے ہیں۔ 16 مارچ سے پٹنہ کے آسمان پر جزوی بادل چھا سکتے ہیں ۔
