وزیر اعلیٰ یوگی نے دیوار پر ‘ پھر ایک بارمودی سرکار’ کا نعرہ لکھا
گورکھپور، 16 جنوری (ہ س)۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے لوک سبھا انتخابات۔2024 کو لے کر کارکنوں میں کافی جوش و خروش پیدا کیا۔ بی جے پی کی جانب سے شروع کی گئی ’وال رائٹںگ‘ مہم کے ایک حصے کے طور پر منگل کو انہوں نے جٹاشنکر میں واقع شری وشوکرما بھگوان پنچایت مندر کی دیوار پر نہ صرف بی جے پی کا انتخابی نشان کمل کا پھول بنایا بلکہ ایک نعرہ بھی لکھا۔ انہوں نے لکھا، ’’ایک بار پھر مودی سرکار، اس بار بی جے پی چار سو کے پار‘‘۔
بی جے پی میٹروپولیٹن یونٹ کی طرف سے منعقدہ دیوار تحریر مہم میں موجود کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ اس مہم کو بھی وکاس بھارت سنکلپ یاترا کی طرح کامیابی کی نئی بلندیوں پر لے جانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے لوک سبھا انتخابات کے سلسلے میں رائے دہندوں سے بات چیت کرنے کا پروگرام ہونا ہے۔ انتخابات سے قبل ریاست میں تین بڑی ریلیاں ہونے والی ہیں۔
وال رائٹنگ مہم ان آئندہ پروگراموں کی سمت میں بہت اہم پروگرام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی، ایم ایل ایز، تمام پنچایت اور شہری نمائندوں کو اس میں پوری ذمہ داری کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ جہاں جگہ ہو وہاں کمل کا پھول بنایا جائے اور دونوں نعرے (ایک بار پھر مودی سرکار اور اس بار چار سو کے پار) لکھے جائیں۔ کسی کی ذاتی جائیداد پر لکھنے سے پہلے اجازت لیں۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
