پٹنہ میں غیر قانونی وصولی کرنے والا سپاہی گرفتار، گاڑیوں کو روک کر کرتا تھا وصولی
پٹنہ، 2 دسمبر (ہ س)۔ راجدھانی پٹنہ میں ایک سپاہی کو غیر قانونی وصولی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ در اصل گذشتہ کچھ دنوں سے ٹریفک ایس پی کو مسلسل اطلاع مل رہی تھی کہ صبح 6 سے 9 بجے کے درمیان ایک ٹریفک سپاہی خواجہ املی، پھلواری شریف اور اس کے آس پاس گاڑیوں کو روک کر غیر قانونی وصولی کرتا ہے۔ اس اطلاع کے بعد ٹریفک ایس پی پورن جھا نے ایک ٹیم تشکیل دی۔ تفتیش کی ذمہ داری ڈی ایس پی 3 اجیت کمار کو دی گئی۔
ڈی ایس پی اجیت کمار نے تفتیش کی تو دیکھا کہ ملزم سپاہی آشوتوش کمار صبح آٹھ بجے خواجہ املی مزار پر منہ پر رومال باندھ کرنیم پلیٹ ہٹا کر گاڑیوں کو روک رہا تھا۔ ساتھ ہی گاڑیوں سے جبراً و صولی کررہا تھا۔ ایس پی کے مطابق سپاہی آشوتوش کمار کو ٹریفک پولیس سے ہٹا کر ضلع فورس میں بھیج دیا گیا تھا۔ اس کے باوجود آشوتوش ٹریفک پولیس کی ڈیوٹی کی آڑ میں پیسے صول کررہا تھا۔ اس کی جیب سے 2000 روپے بھی برآمد ہوئے ہیں۔
اس بارے میں معلومات دیتے ہوئے پٹنہ ٹریفک ایس پی پورن جھا نے بتایا کہ سپاہی آشوتوش کمار کھگڑیا ضلع کے گوگری کا رہنے والا ہے۔ 23 نومبر کو ہی اسے ٹریفک پولیس سے الگ کرکے ضلع فورس میں بھیج دیا گیا۔ لیکن پھر بھی وہ ٹریفک پولیس کا ڈریس پہن کر غیر قانونی وصولی کر رہا تھا۔ فی الحال پھلواری شریف تھانہ میں ایف آئی آر درج کر کے اسے جیل بھیج دیا گیا ہے۔
ٹریفک ایس پی پورن جھا نے کہا ہے کہ سب انسپکٹر سے نیچے کوئی پولیس اہلکار چالان نہیں کاٹ سکتاہے۔ سپاہی اور جمعدار صرف ٹریفک کے انتظام کے لیے ہوتے ہیں۔ اگر ٹریفک چالان کاٹناہے تو صرف سب انسپکٹر کے پاس وہ اختیار ہوتا ہے لیکن سپاہی آشوتوش کمار نے اس کا غلط استعمال کیا۔ انہیں غیر قانونی وصولی کے الزام میں گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار/ افضل
/شہزاد
