
مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا بدھ کو جموں و کشمیر کا مجوزہ دورہ
جموں، 26 دسمبر (ہ س)۔ مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا 27 دسمبر کو سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے جموں و کشمیر کا دورہ کرنے کا امکان ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر موصوف کا ایک روزہ جموں و کشمیر کا دورہ رہے گا جس کے دوران وہ راجوری اور پونچھ اضلاع میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر تعینات 16 کور کے اعلیٰ فوجی افسران سے ملاقات کریں گے۔ راجناتھ فوج کے اعلیٰ افسروں کے ساتھ راجوری اور پونچھ کا دورہ بھی کر سکتے ہیں اور فوجیوں اور عام شہریوں سے بات چیت بھی کر سکتے ہیں۔
واضح ہو کہ پاکستان نے اپنی ناپاک کوششوں سے 20 سال کے امن کے بعد دہشت گردی کو بحال کیا ہے۔ اس لئے ان کے اس دورے کو کافی اہمیت کا حامل مانا جا رہا ہے۔ وہ جموں راج بھون میں ایک سیکورٹی جائزہ میٹنگ بھی کریں گے جہاں فوج، انٹیلی جنس ایجنسیوں، پولیس، بی ایس ایف، سی آر پی ایف وغیرہ کے اعلیٰ افسران شرکت کریں گے۔ توقع ہے کہ وزیر دفاع اس علاقے کے لوگوں سے ملاقات کریں گے جہاں گزشتہ ہفتے مبینہ طور پر فوج کی حراست میں تین شہری ہلاک ہو گئے تھے۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
