حملے کے وقت گھر پر ہی تھا ترنمول لیڈر شاہجہاں شیخ، ایجنسی نے کہا- جان سے مارنے کے مقصد سے ہوا حملہ
کولکاتا، 6 جنوری (ہ س)۔ چھاپے مارنے گئے ای ڈی اہلکاروں پر سندیش کھالی میں ہوئے حملے کے سلسلے میں جمعہ کی دیر رات ای ڈی حکام نے شکایت درج کرائی ہے۔ مرکزی ایجنسی کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ترنمول لیڈر شیخ شاہجہاں کے اکسانے پر لوگوں نے ای ڈی افسران پر جان سے مارنے کی نیت سے حملہ کیا۔ ایجنسی نے کہا ہے کہ حملے کے وقت موبائل فون لوکیشن کے مطابق شاہجہان شیخ گھر کے اندر تھا اور اس کے کہنے پر ایک ہزار کے قریب لوگ حملے کے لیے باہر نکل آئے۔
جمعہ کی دیر رات جاری کردہ ایک سرکاری بیان میں ایجنسی نے کہا کہ ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے لیے مقامی پولیس میں شکایت درج کرائی گئی ہے۔ ایک سینئر عہدیدار نے ہفتہ کو کہا کہ مغربی بنگال میں ترنمول لیڈر کی رہائش گاہ پر چھاپے کے دوران ہجوم کے ذریعہ حملے کے بارے میں ای ڈی کے اہلکار رپورٹس کے دو سیٹ تیار کر رہے ہیں۔ رپورٹ ہفتہ کی شام تک ای ڈی کے نئی دہلی دفتر کو بھیج دی جائے گی اور ان کی اگلی کارروائی کا فیصلہ وہاں ان کے سینئر افسران کریں گے۔
ای ڈی کی ٹیم پر جمعہ کو اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ راشن تقسیم گھوٹالہ کے سلسلے میں شمالی 24 پرگنہ کے سندیش کھالی میں ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) لیڈر شیخ شاہجہاں کی رہائش گاہ کی تلاشی لینے گئی تھی۔ ایجنسی نے کہا، ’’ای ڈی افسران کے فرائض کی انجام دہی کے دوران ان پر ہجوم نے ( شبہ ہے کہ شیخ اور ان کے ساتھیوں کے اکسانے پر) حملہ کیا جس میں تین افسران کو شدید چوٹیں آئیں کیونکہ ہجوم ای ڈی افسران کو جان سے مارنے کے مقصد سے آگے بڑھ رہا تھا۔‘‘
ای ڈی نے کہا کہ زخمی اہلکاروں کا اسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے۔ دیگر افسران کو اپنی جان بچانے کے لیے بغیر تلاشی کے موقع سے فرار ہونا پڑا، کیونکہ ہجوم ‘بہت پرتشدد ہو گیا اور یہاں تک کہ افسران کا پیچھا بھی کیا۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
