کولکاتا، 28 اکتوبر ( ہ س)۔کروڑوں روپے کے راشن کی تقسیم کے گھوٹالے سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے ذریعہ گرفتار کئے گئے مغربی بنگال کے وزیر جنگلات جیوتی پریہ ملک کی صحت مستحکم ہے۔ یہ اطلاع ہفتہ کی دو پہر اسپتال کی طرف سے جاری بیان میں دی گئی ہے۔ ملک کو بینک شال کورٹ نے 10 دن کے لیے ای ڈی کی حراست میں بھیج دیا ہے۔ ملک یہاں کی ایک عدالت میں سماعت کے دوران بے ہوش ہو گئے تھے اور انہیں جمعہ کو فوری طبی دیکھ بھال کے لیے شہر کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
اسپتال میں ملک کی صحت پر نظر رکھ رہے ٹیم میں شامل ایک سینئر ڈاکٹرنے بتایا کہ وزیر کو رات کو اچھی نیند آئی۔ انہوں نے کسی قسم کی بے چینی کی شکایت نہیں کی ۔ اسپتال نے ایک بلیٹن میں کہا کہ ملک کو ہائی بلڈ شوگر، گردے کے مسائل، ڈیسی لیکٹرولیٹیمیا اور بیہوشی اور ہائی بلڈ پریشر کی ابتدائی شکایات کے ساتھ داخل کیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ ملک کا سی ٹی اسکین، ایم آر آئی اور خون کا ٹیسٹ کیا گیا ہے۔
کلکتہ کے چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ تنومے کرماکر نے جمعہ کے روز وزیر کی تحویل میں لینے کی ای ڈی کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے انہیں 5 نومبر تک 10 دن کے لیے مرکزی ایجنسی کی تحویل میں بھیج دیاہے ۔ تاہم اسپتال سےچھٹی ملنے کے بعد ان کی تحویل شروع ہوگی۔ ای ڈی نے کہا کہ انہیں مبینہ راشن گھوٹالہ کے سلسلے میں پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لینے کی ضرورت ہے۔ تفتیشی ایجنسی نے دعویٰ کیا کہ انہیں ملک کے بکیب الرحمان سے روابط کا پتہ چلا ہے، جسے تقریباً ایک پندرہ دن قبل اس کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔ چونکہ وہ عدالت کے کمرے میں بے ہوش ہو گئے تھے تو عدالت نے انہیں اپنی پسند کے ایک نجی اسپتال میں علاج کرانے کی اجازت دے دی ، جس کے بعد انہیں ضرورت پڑنے پر کمانڈ اسپتال میں بھرتی کروایا جا سکتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
