بہار میں ڈینگی کا قہر جاری، 24 گھنٹوں میں 158 مریض ملے، پٹنہ میں 52 نئے معاملے
پٹنہ، 31 اکتوبر(ہ س)۔ بہار میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ڈینگی کے 158 نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔ اس میں سب سے زیادہ 52 نئے معاملے پٹنہ سے ہیں۔ پٹنہ کے علاوہ ریاست کے تمام اضلاع جیسے بھاگلپور، سارن، مظفر پور، مغربی چمپارن، مشرقی چمپارن، مونگیر، ویشالی ڈینگی سے متاثر ہیں۔ ریاست میں ڈینگی کے مریضوں کی کل تعداد 15162 تک پہنچ گئی ہے۔ اس میں صرف پٹنہ میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 6917 ہو گئی ہے۔ اکتوبر کے مہینے میں ریاست میں ڈینگی کے معاملے کم ہونے کے بجائے بڑھ رہے ہیں اور اب تک ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 8427 ہو گئی ہے۔
پٹنہ میں ڈینگی کے معاملات میں اضافے کے ساتھ ہی سنگین مریضوں کی تعداد میں بھی کافی اضافہ ہوا ہے۔ پٹنہ کے چار سرکاری میڈیکل کالج اسپتالوں میں کل 84 مریض زیر علاج ہیں۔ ایمس پٹنہ میں 26 مریض، آئی جی آئی ایم ایس میں 15 مریض، پی ایم سی ایچ میں 18 مریض اور این ایم سی ایچ میں 25 مریض داخل ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف نجی اسپتالوں میں ڈینگی کے 40 سے زائد مریض داخل ہیں۔
اگر پوری ریاست کی بات کریں تو ریاست کے 12 میڈیکل کالج اسپتالوں میں کل 260 داخل مریض زیر علاج ہیں جس میں سب سے زیادہ 70 مریض بھاگلپور میڈیکل کالج اسپتال میں داخل ہیں۔ اس کے علاوہ پاواپوری میڈیکل کالج میں ڈینگی کے 32 مریض داخل ہیں اور مگدھ میڈیکل کالج اسپتال گیا میں 24 مریض داخل ہیں ۔
ڈینگی کے بڑھتے معاملوں کو دیکھتے ہوئے پٹنہ کے سینئر ڈاکٹر دیواکر تیجسوی نے کہا ہے کہ موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی ڈینگی کے معاملے کم ہونے کا امکان ہے۔ آئندہ 15 دنوں میں ڈینگی کے معاملات میں معمولی کمی آئے گی، لیکن اس وقت پٹنہ میں ڈینگی بہت زیادہ پھیل چکا ہے ، جس کی وجہ سے انفیکشن کی شرح زیادہ ہے۔ ڈینگی سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ لوگ اپنے اردگرد پانی جمع ہونے نہ دیں اور صفائی کا خیال رکھیں۔
ہندوستھان سماچار/افضل
/شہزاد
