بنگال کے درجہ حرارت میں ہلکی گراوٹ شروع
کولکاتا، 2 جنوری (ہ س)۔ بڑے شہر کولکاتا سمیت ریاست کے دیگر حصوں میں تقریباً ایک پکھواڑے (پندرہ دن) تک درجہ حرارت میں اضافہ ہونے کے بعد اب پارہ گرنا شروع ہو گیا ہے۔ علی پور میں واقع محکمہ موسمیات کی طرف سے منگل کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کولکاتا میں کم سے کم درجہ حرارت 15.5 ڈگری سیلسیس درج ہوا جو کہ معمول سے ایک ڈگری زیادہ ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بھی گر کر 23.2 ڈگری سیلسیس پر پہنچ گیا ہے جو معمول سے دو ڈگری کم ہے جس کی وجہ سے سردی میں اضافہ ہوا ہے۔
کولکاتا کے علاوہ ریاست کے دیگر حصوں بشمول ہاوڑہ، ہوگلی، شمالی اور جنوبی 24 پرگنہ، مشرقی اور مغربی میدنی پور، پورولیا، بانکوڑا میں درجہ حرارت میں اسی طرح کی گراوٹ درج کی گئی ہے اور یہ 10 سے 21 ڈگری سیلسیس کے درمیان ہے، جس کی وجہ سے سردی بڑھ گئی ہے۔ شمالی بنگال کے علی پور دوار، کوچ بہار، جلپائی گوڑی، دارجلنگ اور کلمپونگ میں بھی درجہ حرارت گر گیا ہے۔ حالانکہ یہاں درجہ حرارت پہلے سے ہی 10 ڈگری سیلسیس کے آس پاس ہے۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
