لکھنؤ، 12 نومبر ۔
اتر پردیش کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) نے ممنوعہ دہشت گرد تنظیم آئی ایس کے چار مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے۔ یہ گرفتاری حال ہی میں علی گڑھ سے گرفتار کیے گئے دو مشتبہ دہشت گردوں سے پوچھ گچھ کے بعد عمل میں آئی ہے۔ اتر پردیش سے اب تک دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث چھ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ سبھی اتر پردیش میں دہشت گردی کی کسی بڑی واردات کو انجام دینے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
اسپیشل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (لا اینڈ آرڈر) پرشانت کمار نے اتوار کو بتایا کہ گرفتار مشتبہ دہشت گردوں میں رقیب نوید صدیقی، نعمان اور محمد کا تعلق علی گڑھ سے تھا۔ ناظم کو سنبھل سے گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ چاروں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے بی ٹیک اور بی اے اے سی کی ڈگری ہولڈر ہیں۔ان کے پاس سے برآمد ہونے والی اشیاء سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان یہ کالعدم تنظیمیں آئی ایس سے متاثر ہیں اور ریاست میں دہشت گردانہ کارروائیاں کرنے کے لیے آئی ایس سے رابطے میں ہیں۔ ان کی پین ڈرائیو سے آئی ایس اور اے کیو آئی ایس سے متعلق پروپیگنڈا مواد برآمد ہوا ہے۔
اے ٹی ایس کے اے ڈی جی موہت اگروال کے مطابق گرفتار دہشت گرد اتر پردیش میں کسی بڑی واردات کو انجام دینے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ یہ لوگ سوشل میڈیا کے ذریعے بہت سے نوجوانوں کو جہاد کے لیے اکسا رہے تھے اور انہیں خفیہ مقامات پر دہشت گردی کی تربیت بھی فراہم کر رہے تھے۔ اے ٹی ایس ان کے کچھ دوسرے ساتھیوں کی بھی تلاش کر رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ یوپی اے ٹی ایس کی ٹیم نے حال ہی میں علی گڑھ سے آئی ایس سے وابستہ دو لوگوں عبداللہ ارسلان اور معاذ بن طارق کو گرفتار کیا تھا۔ ان سے پوچھ گچھ کے بعد اے ٹی ایس نے وجیہ الدین کو چھتیس گڑھ سے گرفتار کیا۔ اس سلسلے میں چار دیگر دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
