حیدرآباد، 29 اکتوبر ۔
کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے تلنگانہ کی بی آر ایس حکومت کو ہر محاذ پر ناکام قرار دیا ہے۔ کھڑگے نے کہا کہ دس سال اقتدار میں رہنے کے باوجود چیف منسٹر کے. چندر شیکھر راو¿ نے عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیا۔
کھڑگے اتوار کو پارٹی کی وجے بھیری بس یاترا سے خطاب کر رہے تھے۔ ریاستی اسمبلی انتخابی مہم کے لیے وجے بھیری بس یاترا کا دوسرا مرحلہ ہفتہ کو وقارآباد ضلع کے تندور سے شروع ہوا۔ کھڑگے نے کہا کہ تلنگانہ ریاست ایک گہرے معاشی بحران سے گزر رہی ہے۔ اس بحران کی وجہ حکمراں بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) ہے۔
کھڑگے نے کہا کہ تلنگانہ کی راجدھانی حیدرآباد میں کانگریس کے دور حکومت میں کئی قومی ادارے قائم ہوئے اور ان اداروں میں نوجوانوں کو نوکریاں دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے پہلے بھی کئی وعدے کئے تھے اور انہیں پورا کیا اور اگر ریاست میں حکومت بنتی ہے تو وہ چھ ضمانتوں کو بھی نافذ کرے گی۔
