کوالی (آندھرا پردیش)، 10 فروری ۔
نیلور ضلع کے کوالی مسنور ٹول پلازہ پر آج (ہفتہ) علی الصبح 2 بجے کے بعد مخالف سمت سے آرہی لاری (ٹرک) اور ایک پرائیویٹ بس کے درمیان تصادم میں 6 افراد ہلاک اور کم از کم 20 افراد زخمی ہوگئے۔
عینی شاہدین کے مطابق سڑک کے کنارے کھڑی لاری کو پیچھے سے دوسری لاری نے ٹکر مار دی۔ اس دوران سامنے سے آرہی ایک پرائیویٹ بس لاری سے ٹکرا گئی اور یہ حادثہ پیش آیا۔ حادثے میں بس کا اگلا حصہ چکناچور ہوگیا۔ بس چنئی سے حیدرآباد جا رہی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو نیلور کے قریبی اسپتال پہنچایا۔ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ اب تک ہلاک ہونے والوں میں سے تین کی شناخت ہو چکی ہے۔ ان میں سے دو ٹرک ڈرائیور ہیں اور تیسرا بس ڈرائیور ہے۔
