ڈاکٹر رمن سنگھ پیر کو امت شاہ کی موجودگی میں کاغذات نامزدگی داخل کریں گے
رائے پور، 14 اکتوبر ۔ چھتیس گڑھ کے سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر رمن سنگھ 16 اکتوبر کو راج ناندگاؤں سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔ اس دوران مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ خود بھی موجود رہیں گے۔ اس سے پہلے بی جے پی نے راج ناندگاؤں کے اسٹیٹ اسکول میدان میں ایک بڑی ریلی کا منصوبہ بنایا ہے، جس کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔
بی جے پی کے دفتر سے موصولہ اطلاع کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سابق وزیر اعلیٰ اور راج ناندگاؤں سے بی جے پی امیدوار ڈاکٹر رمن سنگھ کے نامزدگی پروگرام میں شرکت کریں گے۔ امت شاہ کے پورے سفر کا شیڈول بھی طے کر لیا گیا ہے۔ طے شدہ شیڈول کے مطابق امیت شاہ 16 اکتوبر کو صبح 11:45 بجے رائے پور ہوائی اڈے پر پہنچیں گے۔ اس کے بعد وہ صبح 11:50 بجے رائے پور ہوائی اڈے سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے راج ناندگاؤں کے لئے روانہ ہوں گے اور 12:22 بجے راج ناندگاؤں پہنچیں گے۔ امت شاہ سابق وزیر اعلیٰ کی نامزدگی کے موقع پر یہاں منعقد ہونے والی ریلی اور میٹنگ میں شرکت کریں گے۔ امت شاہ دوپہر 1:30 بجے ہیلی کاپٹر سے رائے پور کے لئے روانہ ہوں گے اور یہاں سے وہ دوپہر 2 بجے کولکاتا کے لئے روانہ ہوں گے۔
