وزیر اعظم مودی آج راجستھان کو دیں گے 17,000 کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی پروجیکٹوں کی سوغات
نئی دہلی، 16 فروری ۔ وزیر اعظم نریندر مودی آج (جمعہ) صبح 11 بجے ویڈیو کانفرنسنگ کےتوسط سے ’’وکست بھارت وکست راجستھان‘‘ پروگرام سے خطاب کریں گے۔ اس دوران وزیر اعظم 17,000 کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی پروجیکٹوں کی سوغات دیں گے۔ ان منصوبوں کا تعلق سڑکوں، ریلوے، شمسی توانائی، بجلی کی ترسیل، پینے کا پانی، پٹرولیم اور قدرتی گیس وغیرہ جیسے شعبوں سے ہے۔ یہ معلومات پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی) حکومت ہند نے ایک ریلیز میں دی ہے۔
پی آئی بی کے مطابق وزیر اعظم مودی راجستھان میں 5000 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے مختلف قومی شاہراہوں کے منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔ وزیر اعظم آٹھ لین والی دہلی-ممبئی گرین فیلڈ الائنمنٹ (این ای-4) کے تین پیکجوں کا افتتاح کریں گے، یعنی بونلی-جھلائی روڈ سے موئی ولیج سیکشن، ہردیو گنج گاوں سے میج ندی سیکشن اور تکلی سے راجستھان-مدھیہ پردیش سرحد تک کا سیکشن کا افتتاح کریں گے۔یہ سیکشن علاقے میں تیز اور بہتر کنیکٹوٹی فراہم کریں گے۔
ریلیز کے مطابق وزیر اعظم ریل کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرتے ہوئے تقریباً 2300 کروڑ روپے کے راجستھان کے آٹھ اہم ریلوے پروجیکٹ قوم کو وقف کریں گے اور ان کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم نریندر مودی راجستھان میں تقریباً 5300 کروڑ روپے کے اہم شمسی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور قوم کو وقف کریں گے تاکہ خطے میں قابل تجدید توانائی کی پیداوار کو فروغ دیا جاسکے۔ وزیر اعظم راجستھان میں 2100 کروڑ روپے سے زیادہ کے پاور ٹرانسمیشن سیکٹر کے پروجیکٹوں کو بھی قوم کے نام وقف کریں گے۔ یہ پروجیکٹ راجستھان میں شمسی توانائی کے شعبوں سے بجلی نکالنے کے لیے ہیں تاکہ ان علاقوں میں پیدا ہونے والی شمسی توانائی کو مستحقین تک پہنچایا جا سکے۔
وزیر اعظم نریندر مودی تقریباً 2400 کروڑ روپے کے کئی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے جن میں جل جیون مشن کے تحت پروجیکٹ بھی شامل ہیں۔ وزیر اعظم جودھ پور میں انڈین آئل کے ایل پی جی بوٹلنگ پلانٹ کو قوم کے نام وقف کریں گے۔ آپریشنز اور حفاظت کے لیے جدید ترین انفراسٹرکچر اور آٹومیشن سسٹم کے ساتھ، بوٹلنگ پلانٹ روزگار پیدا کرے گا اور خطے کے لاکھوں صارفین کی ایل پی جی کی ضروریات کو پورا کرے گا۔
پریس انفارمیشن بیورو کی ریلیز کے مطابق ’’وکست بھارت وکست راجستھان‘‘ پروگرام راجستھان کے تمام اضلاع میں تقریباً 200 مقامات پر منعقد کیا جائے گا۔ مرکزی تقریب جے پور میں منعقد ہوگی۔ مختلف سرکاری اسکیموں کے لاکھوں استفادہ کنندگان ریاست گیر پروگرام میں حصہ لیں گے۔ راجستھان کے وزیر اعلیٰ، راجستھان حکومت کے دیگر وزراء، اراکین پارلیمنٹ، ایم ایل ایز اور مقامی سطح کے نمائندے بھی اس پروگرام میں شرکت کریں گے۔
