– سکریٹری دفاع نے نجی شعبے کے ذریعے خودانحصاری کو فروغ دینے پر زور دیا
نئی دہلی ۔
چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انل چوہان نے ہندوستان کے ‘وژن 2047’ کے مطابق دفاعی مینوفیکچرنگ شعبے میں خود انحصاری حاصل کرنے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے دو روزہ سیشن کے آخری دن دفاعی شعبے میں جدت کو فروغ دینے کے لیے حکومت، خدمات، ریسرچ اور دفاعی مینیوفیکچرنگ کے نظام کو مستحکم کرنے کی کوششوں کی ضرورت کو اجاگر کیا۔
انڈین ڈیفنس مینوفیکچررز سوسائٹی کے تعاون سے ہیڈ کوارٹر انٹیگریٹڈ ڈیفنس اسٹاف کے فوجی امور کے محکمے کے زیراہتمام منعقد ہونے والا پہلا دو روزہ سیشن ‘انکورجنگ انڈیجنائزیشن’ منگل کو اختتام پذیر ہوا۔ اس سیشن میں پالیسی اصلاحات کے لیے بہت مفید نتائج سامنے آئے جس کا مقصد دفاع کے شعبے میں خود انحصاری کے عمل کو تیز کرنا اور ہندوستانی دفاعی مینوفیکچرنگ شعبے میں نجی شعبے کی شراکت کو بڑھانا ہے۔ اپنے خطاب میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انل چوہان نے دفاعی اصلاحات کے ضمن میں جاری تبدیلی کے عمل پر زور دیا۔
اس سیشن میں وزارت دفاع، ڈی ایم اے، سروس ہیڈ کوارٹر، انڈین کوسٹ گارڈ، ڈی آر ڈی او، محکمہ دفاعی پیداوار، ڈی جی کیو اے، صنعتی شراکت داروں اور سہ فریقی خدمات کی علاقائی یونٹوں کے شراکت داروں کی فعال شرکت دیکھی گئی۔ اس سیشن میں مقامی ٹیکنالوجی اور مصنوعات کی ترقی کے لیے اہم شعبوں کی نشاندہی، درآمدات پر بیرونی انحصار کم کرنے اور مسلح افواج کی اعلیٰ دفاعی تیاری کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ افتتاحی سیشن کے دوران کلیدی خطاب میں، سکریٹری دفاع گری دھر ارمانے نے دفاعی شعبے میں نجی شعبے کی شراکت کے ذریعے خودانحصاری کو فروغ دینے کے لیے حکومت کے عزم پر زور دیا۔
