پونچھ کے سرنکوٹ میں ایک مندر کے قریب پراسرار دھماکہ، کوئی جانی نقصان نہیں
جموں، 16 نومبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کے سرنکوٹ علاقے میں واقع ایک مندر کے قریب بدھ کے روز دیر رات ایک پراسرار دھماکہ ہوا تاہم اس واقعہ میں کسی جانی مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ حکام نے بتایا کہ دھماکہ شیو مندر کے قریب ہوا۔ دھماکے کی آواز سنتے ہی آس پاس کے علاقوں میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہو گیا۔
ایس ایچ او سرنکوٹ نے پراسرار دھماکے کی تصدیق کی اور بتایا کہ فارنسک سائنس لیبارٹری (ایف ایس ایل) کی ٹیم کو موقع پر طلب کیا گیا ہے۔ دھماکے کے فوری بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ اطلاعات کے مطابق رات 8 بج کر 40 منٹ پر مندر کے قریب دھماکہ ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے۔
دھماکے کے بعد مندر کی دیواروں پر نشان پڑ گئے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ اس دھماکے کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے، البتہ سیکیورٹی اداروں اور دیگر سیکیورٹی فورسز نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
