پاکستان نے ایک بار پھر بین الااقوامی سرحد پر ہندوستانی چوکیوں کو نشانہ بنایا
جموں، 27 اکتوبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے ارنیا اور سچت گڑھ سیکٹروں میں بین الاقوامی سرحد (آئی بی) کے ساتھ پانچ ہندوستانی چوکیوں پر پاکستانی رینجرس نے بلا اشتعال فائرنگ کی جس میں بارڈر سیکورٹی فورس کے دو اہلکار اور ایک شہری زخمی ہوگئے۔
حکام نے کہا کہ پاکستانی رینجرس کی طرف سے گولی باری گزشتہ رات رات 8 بجے کے قریب ارنیا سیکٹر میں شروع ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلا اشتعال فائرنگ کا بی ایس ایف کی طرف سے بھرپور جواب دیا گیا۔ بی ایس ایف کے ایک اہلکار نے نے بتایا کہ چار سے پانچ پوسٹیں دونوں طرف سے فائرنگ میں ملوث ہیں۔ اہلکار نے بتایا کہ زخمی جوان کو خصوصی علاج کے لیے جموں کے جی ایم سی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اُس کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔
بی ایس ایف کی جوابی کارروائی میں پاکستانی چوکیوں کے نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ ارنیا سیکٹر میں پاکستانی رینجرس نے شہری علاقوں میں مورٹار گولے بھی داغے جس سے سرحدی آبادی میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ انہوں نے بتایا کہ مبینہ طور پر آگ کی زد میں آنے والے کچھ علاقوں میں آئی بی کے ساتھ ارنیا، سوچت گڑھ، سیا، جبووال اور ٹریوا کے علاقے شامل ہیں۔ ارنیا اور جبووال میں لوگ بالخصوص مہاجر مزدوروں کو اپنے گھروں سے بھاگتے ہوئے دیکھا گیا۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
