صدرجمہوریہ مرمو آج سورج کنڈ بین الاقوامی دستکاری میلے کا کریں گی افتتاح
نئی دہلی، 2 فروری (ہ س)۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو آج (جمعہ) قومی دارالحکومت دہلی کے قریب فرید آباد (ہریانہ) میں سورج کنڈ کا دورہ کریں گی۔ وہ دوپہر بعد یہاں 37ویں سورج کنڈ بین الاقوامی دستکاری میلے 2024 کا افتتاح کریں گی۔ میلہ 18 فروری کو اختتام پذیر ہوگا۔ یہ میلہ روزانہ صبح 10 بجے سے رات 8 بجے تک جاری رہے گا۔ میلے میں 40 سے زائد ممالک شرکت کر رہے ہیں۔ ثقافتی پروگرام چھوٹے اور بڑے دونوں اسٹیجوں پر منعقد کیے جائیں گے۔ اسکولی بچے بھی پرفارم کریں گے۔
ہریانہ کے محکمہ سیاحت کے پرنسپل سکریٹری ایم ڈی سنہا کے مطابق صدر دروپدی مرمو جمعہ کو سہ پہر 3 بجے میلے کا افتتاح کریں گی۔ محکمہ نے معذوروں، بزرگ شہریوں، زیر ملازمت سیکورٹی گارڈ اور سابق فوجیوں کے لیے ٹکٹوں پر 50 فیصد رعایت کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر بنڈارو دتاتیریہ، وزیر اعلیٰ منوہر لال، وراثت اور سیاحت وزیر کنور پال، بجلی اور بھاری صنعت وزیر کرشن پال، وزیر ٹرانسپورٹ مول چند شرما وغیرہ افتتاحی تقریب میں خاص طور پر موجود رہیں گے۔
