وزیراعظم مودی آج انفینٹی فورم کے دوسرے ایڈیشن سے کریں گے خطاب
نئی دہلی، 9 دسمبر (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی آج (ہفتہ) صبح 9.30 بجے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے انفینٹی فورم کے دوسرے ایڈیشن سے خطاب کریں گے۔ پی آئی بی نے اپنے ایکس ہینڈل پر یہ اطلاع دی ہے۔ انفینٹی فورم کا دوسرا ایڈیشن وائبرینٹ گجرات گلوبل سمٹ 2024 کے پیشگی ایونٹ کا حصہ ہے۔ مرکزی حکومت کی سرپرستی میں آئی ایف ایس سی اور گفٹ سٹی کے ذریعے مشترکہ طور پر اس کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
یہ فورم ایسا پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے، جہاں دنیا بھر سے ترقی پسند خیالات، اہم مسائل، جدید ٹیکنالوجیز کو دریافت کیا جاتا ہے۔ گفٹ سٹی میں منعقد ہونے والی یہ کانفرنس ’ہائبرڈ‘ فارمیٹ کی ہوگی۔ اس کا مطلب ہے کہ شرکاء ذاتی طور پر اور آن لائن دونوں طرح شرکت کر سکتے ہیں۔ گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل، مرکزی وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل، انفارمیشن ٹیکنالوجی وزیر اشونی ویشنو بھی اس پروگرام سے خطاب کریں گے۔
فورم میں 300 سے زائد کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداران شرکت کریں گے۔ بھارت، امریکہ، برطانیہ، سنگاپور، جنوبی افریقہ، متحدہ عرب امارات، آسٹریلیا اور جرمنی سمیت 20 سے زیادہ ممالک کے عالمی ناظرین کی مضبوط آن لائن شراکت ہوگی۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
