
مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے ماتا ویشنو دیوی کے درشن کئے
جموں، 29 دسمبر (ہ س)۔ مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے ضلع ریاسی کی تریکوٹہ پہاڑیوں پر واقع مقدس ماتا ویشنو دیوی کے بھون میں جاکر خصوصی پوجا کی اور درشن کئے۔ حکام نے بتایا کہ وزیر موصوف بدھ کو دو روزہ دورے پر جموں پہنچے تھے۔ اُنہوں نے پہلے مقدس ویشنو دیوی کے بھون میں پہنچ کر درشن کئے۔
وزیر موصوف نے راج بھون میں جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ جموں کا بھی دورہ کیا اور طلبا کے ساتھ وکست بھارت 2047 کی پہل پر گہرائی سے بات چیت کی جس کا مقصد سال 2047 تک ملک میں تعلیمی اور ہنرمندی کی ترقی کے منظر نامے کو تشکیل دینا ہے۔ طلبا کے ساتھ بحث حکومت کے اس طویل مدتی وژن اور اس کے متعدد اقدامات پر مبنی ہے جو تعلیمی منظر نامے کو قوم کے مجموعی وسیع اہداف کے ساتھ ہم آہنگ کرتی ہے۔
طلبا کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے انہوں نے معیاری تعلیم کے اقدامات کا ذکر کیا جن کی حکومت قومی تعلیمی پالیسی کے طور پر تعلیم تک مساوی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے منصوبہ بندی اور عمل درآمد کر رہی ہے۔ اپنے دورے کے دوران وزیر موصوف نے آئی آئی ایم جموں کے جگتی کیمپس کی تعمیراتی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے انسٹی ٹیوٹ میں جدید ترین لائبریری کا بھی دورہ کیا اور ایک جامع تعلیمی ماحولیاتی نظام فراہم کرنے کے لیے وہاں دستیاب جدید سہولیات کی تعریف کی۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
