ہزاری باغ، 24 جون (ہ س)۔ ہزاری باغ ضلع کے بڑکاگاؤں بلاک کے جوراکاٹ علاقے میں پیر کی رات دیر گئے ایک بڑا مجرمانہ واقعہ پیش آیا۔ تقریباً 35 مسلح مجرموں نے ایم ایس پوجا انٹرپرائزز کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا، جو این ٹی پی سی کے بادام کول پروجیکٹ کے لیے سڑک بنا رہی تھی۔ اس حملے میں کمپنی کی کئی مہنگی مشینیں اور گاڑیاں جل گئیں۔ مجرموں نے دو جے سی بی مشینوں، دو ہیوا ٹرکوں، ایک گرینڈر مشین، ایک ٹینکر اور کمپنی کی ایک پک اپ وین کو آگ لگا دی۔ یہاں تک کہ تعمیراتی مقام پر موجود ملازمین کو بھی نہیں بخشا گیا۔
کمپنی کے منیجر روی کمار کے مطابق جب کچھ ملازمین نے احتجاج کرنے کی کوشش کی تو مجرموں نے دو ملازمین پر حملہ کر کے انہیں شدید زخمی کر دیا۔ یہ واقعہ گزشتہ 36 گھنٹوں میں ہزاری باغ ضلع میں تیسرا بڑا مجرمانہ واقعہ ہے۔ اس سے قبل اتوار کو ہزاری باغ شہر میں ایک جیولری شاپ پر سات راؤنڈ فائرنگ کی گئی تھی۔ اسی دوران اوکنی کے علاقے میں پیر کی صبح ڈکیتی کی واردات کو انجام دیا گیا۔ یہ مسلسل واقعات ضلع میں امن و امان پر سنگین سوالات اٹھا رہے ہیں۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش میں یہ معاملہ لیوی وصولی سے متعلق سمجھا جا رہا ہے۔ تاہم ابھی تک کسی عسکریت پسند تنظیم نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ واقعے کے بعد سڑک کی تعمیر کا کام مکمل طور پر ٹھپ ہوگیا ہے جس سے منصوبہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
ایس پی آنجنی انجان نے منگل کو کہا کہ پورے معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔
—————
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی
