دہرادون، 21 نومبر (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی اترکاشی کے سلکیارا سرنگ میں پھنسے مزدوروں کی بحفاظت واپسی کو لے کر فکر مند ہیں۔ وزیر اعظم نے منگل کی صبح وزیر اعلیٰ کو چوتھی بار فون کیا اور وہاں جاری راحت اور بچاو¿ کاموں کے بارے میں معلومات حاصل کی ۔ وزیراعظم نے کہا کہ سرنگ میں پھنسے مزدوروں کو بحفاظت نکالنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے وزیر اعظم کے ساتھ اپنی بات چیت کی جانکاری دی۔ وزیر اعلیٰ کے مطابق وزیر اعظم نے آج پھر فون کیا اور اترکاشی کے سلکیارا میں زیر تعمیر سرنگ میں پھنسے مزدوروں کی راحت اور بچاو کارروائیوں کے بارے میں معلومات حاصل کی ۔
اس دوران وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم کو بتایا کہ 6 انچ قطر کی پائپ لائن کو کامیابی کے ساتھ ملبے کے آر پار کیا گیا۔ اس کے ذریعے مزدوروں کو خوراک اور دیگر ضروری اشیا فراہم کرنے کے بارے میں جانکاری دی گئی۔ اینڈوسکوپک فلیکسی کیمرے کی مدد سے کارکنوں سے ہونے والی گفتگو کے بارے میں بھی معلومات فراہم کی گئیں۔
ہندوستھان سماچار
