رانچی، 30 دسمبر (ہ س)۔ جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے ہفتہ کو ساتویں بار طلب کیا ہے۔ ای ڈی نے انہیں سات دنوں کے اندر اپنا بیان درج کرنے کو کہا ہے۔ ان سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ دو دن کے اندر کوئی ایسی جگہ تجویز کریں جو ان کے اور ایجنسی کے لیے موزوں ہو۔
ای ڈی نے اس سال 14 اگست کو وزیر اعلیٰ سورین کو پہلی بار پوچھ گچھ کے لیے بلایا تھا۔ اس کے بعد 24 اگست، 9 ستمبر، 23 ستمبر، 4 اکتوبر اور 12 دسمبر کو سمن بھیجے گئے اور پوچھ گچھ کے لیے رانچی زونل آفس بلایا گیا۔ وزیر اعلیٰ کو لکھے گئے خط میں، ای ڈی نے کہا ہے کہ بڑگائی ڈویژن کے ریونیو ملازم بھانو پرتاپ کے معاملے میں درج ای سی آئی آر نمبر آر این زیڈ او/ 23/25کی جانچ جاری ہے۔ یہ تفتیش سرکاری دستاویزات میں چھیڑ چھاڑ اور جعلسازی سے متعلق ہے۔ بیان ریکارڈ کرانے کے لیے چھ سمن پہلے ہی بھیجے جا چکے ہیں۔ آپ ایک بار بھی ای ڈی کے دفتر میں حاضر نہیں ہوئے۔ آپ نے اس کی بے بنیاد دلیلیں دیں۔ اس سے تفتیش میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلی ای ڈی کے سمن کو بدنیتی پر مبنی اور سیاسی طور پر محرک قرار دیتے ہوئے ہراساں کرنے کا الزام لگا رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر سمن واپس نہ لیا گیا تو قانونی کارروائی کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے سپریم کورٹ سے بھی رجوع کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے انہیں ہائی کورٹ جانے کا مشورہ دیا۔ وہاں بھی گئے لیکن کسی قسم کی راحت نہیں ملی۔
سورین کو ہائی کورٹ سے جھٹکا لگنے کے بعد، ای ڈی نے انہیں چھٹا سمن بھیجا۔ اس پر وزیر اعلیٰ نے ای ڈی کو خط لکھا۔ اس میں کہا گیا ہے کہ وہ پہلے ہی ایجنسی کو اپنی اور اپنے خاندان کے افراد کی جائیداد سے متعلق معلومات دے چکے ہیں۔ جائیداد جائز ذریعہ سے خریدی گئی ہے۔ محکمہ انکم ٹیکس اسے قبول کر چکا ہے، اس لیے اگر ای ڈی کو مزید معلومات کی ضرورت ہے تو انہیں تحریری طور پر اس کا ذکر کرنا چاہیے۔
ہندوستھان سماچار
