تلنگانہ اسمبلی انتخابات : ووٹروں سے جوش و خروش سے ووٹ ڈالنے کی اپیل، خاص سیٹوں پر سب کی نگاہیں
نئی دہلی، 30 نومبر (ہ س)۔ 119 رکنی تلنگانہ اسمبلی کے لیے جمعرات کی صبح 7 بجے ووٹنگ شروع ہوئی۔ تین کروڑ 26 لاکھ ووٹرز الیکشن لڑنے والے 2290 امیدواروں کی انتخابی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ اس کے لیے 35,655 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔
اس الیکشن کو لیکر وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ایکس پوسٹ میں ووٹروں سے پرجوش انداز میں حصہ لینے کی اپیل کی ۔ ’’میں تلنگانہ کی اپنی بہنوں اور بھائیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ریکارڈ تعداد میں ووٹ ڈالیں اور جمہوریت کے تہوار کو مضبوط کریں۔ میں خاص طور پر نوجوان اور پہلی بار ووٹروں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔‘‘
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی ایک ایکس پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لوگوں سے تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹنگ میں حصہ لینے کی اپیل کی۔ بدعنوانی سے پاک اور غریب نواز حکومت ہی تلنگانہ کی خوشحالی کے لیے بے لوث جذبے سے کام کر سکتی ہے۔ میں تلنگانہ کے لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ایک ایسی حکومت بنانے کے لیے بڑی تعداد میں سامنے آئیں جس کی ترجیح بااختیار بنانا ہے نہ کہ خوشامد کرنا۔
وہیں مرکزی وزیر اور بی جے پی کے ریاستی صدر جی کشن ریڈی نے سب سے ووٹ دینے کی درخواست کی اور کہا کہ یہ ہماری ذمہ داری اور حق ہے، اس لیے باہر نکلیں اور ووٹ دیں۔ تلنگانہ میں اچھی حکومت لانا آپ سب کی ذمہ داری ہے۔
تلنگانہ کی خاص اسمبلی سیٹیں اور مشہور چہرے
گجویل: ریاستی وزیر اعلیٰ اور حکمراں بی آئی ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر راو اس بار دو سیٹوں سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ جس میں گجویل اسمبلی سیٹ بھی شامل ہے۔ سدی پیٹ ضلع کی گجویل اسمبلی سیٹ پر کے سی آر کے مقابلے بی جے پی کے ایتلا رجندر کو میدان میں اتارا گیا ہے۔ راجندر کچھ عرصے سے کے سی آر کے قریبی ساتھی رہے ہیں اور کے سی آر حکومت میں وزیر خزانہ اور وزیر صحت کے طور پر کام کر چکے ہیں۔ 2021 میں انہوں نے بی آر ایس چھوڑ کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔
کاماریڈی: وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راو نے ایک اور سیٹ کاماریڈی سے بھی انتخاب لڑ رہے ہیں۔ یہاں ان کا مقابلہ تلنگانہ کانگریس کے صدر اور پارٹی امیدوار اے ریونت ریڈی سے ہے۔ وہ ملکاجگری لوک سبھا سیٹ سے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ہیں۔ بی جے پی نے ضلع کونسل کے سابق صدر کے وینکٹ رمن ریڈی کو میدان میں اتارا ہے۔
کریم نگر: ریاست کے کریم نگر ضلع کی کریم نگر اسمبلی سیٹ سے بی جے پی کے رکن اسمبلی بنڈی سنجے کمار انتخابی میدان میں ہیں۔ 2019 میں، وہ کریم نگر لوک سبھا سیٹ سے ایم پی منتخب ہوئے۔ اس سیٹ پر اسمبلی انتخابات میں ان کا مقابلہ کے سی آر کے کابینی وزیر گنگولا کملاکر اور کانگریس کے پوروملا شرینواس سے ہے۔
جوبلی ہلز: حیدرآباد کے رہنے والے سابق ایم پی اور کرکٹر محمد اظہر الدین جوبلی ہلز سیٹ سے کانگریس کے امیدوار ہیں۔ جبکہ حکمراں بی آر ایس نے موجودہ ایم ایل اے مگنتی گوپی ناتھ کو دوبارہ انتخاب کے لیے میدان میں اتارا ہے۔ لنکلا دیپک ریڈی اس سیٹ پر بی جے پی کے امیدوار ہیں۔
ہندوستھان سماچار//شہزاد
