جموں ،10 جنوری (ہ س)۔ بارڈر سیکورٹی فورس کے ڈائریکٹر جنرل نتن اگروال نے بدھ کے روز جموں خطے میں بین الاقوامی سرحد پر پاکستان کے ساتھ سرحد کی حفاظت کرنے والے جوانوں کی سیکورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔ بی ایس ایف کے ترجمان نے بتایا کہ اگروال نے بین الاقوامی سرحد (آئی بی) کے قریب واقع علاقوں کا دورہ کیا۔ بعد ازاں اُنہوں نے راج بھون میں جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے بھی ملاقات کی اور انہیں سرحد پر سیکورٹی کی صورتحال سے آگاہ کیا۔
ڈی جی نے بی ایس ایف کے سینئر عہدیداروں کے ساتھ سیکورٹی صورتحال اور فوجیوں کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔بی ایس ایف ڈی جی نتن اگروال آج جموں خطے کے دورے پر ہیں۔ بی ایس ایف کے آئی جی ڈی کے بورا جموں فرنٹیئر نے نتن اگروال کو یہاں کی سیکورٹی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔
بی ایس ایف کے ڈی جی نے گزشتہ سال 9 اگست کو جموں کے اکھنور سیکٹر میں مختلف سرحدی چوکیوں کا دورہ کیا اور فوجیوں کو سرحد پار سے آنے والے چیلنجوں کا کامیابی سے مقابلہ کرنے کے لیے موثر تسلط برقرار رکھنے کی تلقین کی تھی۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
