واشنگٹن،03مارچ۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے جمعہ کو کہا کہ انہیں مسلمانوں کے مقدس مہینے رمضان تک اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کی امید ہے لیکن معاہدہ تاحال طے نہیں ہوا۔کیا وہ رمضان کے آغاز تک کسی معاہدے کی توقع رکھتے ہیں جو قمری کیلنڈر کے لحاظ سے 10 یا 11 مارچ کو شروع ہوگا، اس سوال کے جواب میں انہوں نے وائٹ ہاوس میں صحافیوں کو بتایا، میں امید کر رہا ہوں، ہم اب بھی اس پر سخت محنت کر رہے ہیں۔ ہم ابھی معاہدے تک نہیں پہنچے۔
بائیڈن جب صدارتی کیمپ ڈیوڈ ری ٹریٹ میں اختتام ہفتہ گذارنے کے لیے اپنے ہیلی کاپٹر کی طرف روانہ ہوئے تو انہوں نے وضاحت کیے بغیر مزید کہا، ہم معاہدے تک پہنچ جائیں گے لیکن ابھی نہیں پہنچے – ہو سکتا ہے ہم وہاں تک نہ پہنچ سکیں۔بائیڈن نے اس ہفتے کے آغاز میں کہا تھا کہ انہیں پیر تک اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری لڑائی میں چھ ہفتے کے وقفے کے لیے معاہدہ ہو جانے کی امید تھی لیکن وہ بتدریج اس بات سے پیچھے ہٹ گئے ہیں۔81 سالہ ڈیموکریٹ نے جمعے کے شروع میں اعلان کیا تھا کہ امریکہ جلد ہی غزہ کے لیے امداد بھیجنا شروع کر دے گا جس کے ایک دن بعد درجنوں مایوس فلسطینی امدادی قافلے پر یلغار کرتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔
بائیڈن نے کہا ہے کہ یہ واقعہ مذاکرات کو پیچیدہ کر سکتا ہے لیکن جمعہ کو اس بات پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گے کہ کیا چیز معاہدے میں حائل ہے۔ اور مزید کہا: میں آپ کو یہ نہیں بتانے جا رہا کیونکہ یہ بات مذاکرات میں شامل ہو جائے گی۔
