کنساس سٹی، 15 فروری ۔ ریاستہائے متحدہ امریکہ میں میسوری کے کنساس میں بدھ کو سپر باول کی جیت کا جشن ماتم میں بدل گیا۔ جیت کے جشن میں نکالی گئی ریلی کے دوران کی گئی اچانک فائرنگ میں کم سے کم ایک شخص کی موت ہوگئی اور 21 دیگر زخمی ہوگئے۔زخمیوں میں نو بچے بھی شامل ہیں۔
نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ کنساس سٹی میں یونین اسٹیشن کے قریب پیش آیا۔ ایک ہی لمحے میں سپر باؤل کی جیت کا جشن افراتفری کے منظر میں بدل گیا۔ کنساس سٹی پولیس چیف اسٹیسی گریوز نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ تین افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ان تینوں میں سے دو کے پاس اسلحہ برآمد ہوئے ہیں۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ گولی کیوں چلائی گئی۔
چلڈرن مرسی ہسپتال نے بتایا کہ وہاں 12 افراد زیر علاج ہیں۔ ان میں 11 بچے بھی شامل ہیں۔ بچوں کی عمریں 6 سے 15 سال کے درمیان ہیں۔ ہسپتال کی ترجمان اسٹیفنی میئر نے بتایا کہ نو بچوں کو گولی لگی ہے۔ کسی بھی بچے کی حالت تشویشناک نہیں ہے۔ کچھ زخمیوں کو یونیورسٹی ہیلتھ اینڈ ٹرومین میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا۔ ان میں سے دو افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ریلی میں گورنر سمیت کنساس سٹی اور میسوری کے اہلکار بھی شامل تھے۔ کنساس کی گورنر لورا کیلی کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ میسوری کے گورنر مائیک پارسن اور ان کی اہلیہ دونوں محفوظ ہیں۔ کنساس سٹی کے کھلاڑیوں نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔ اتوار کو اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرنے والے کوارٹر بیک پیٹرک مہومس نے کہا کہ وہ ’’کنساس سٹی کے لیے دعا کر رہے ہیں۔‘‘
