کاٹھمنڈو ، 27 جنوری ۔
چین ایک بار پھر نیپال کی بائیں بازو کی جماعتوں کو متحد کرنے کے لیے سرگرم ہو گیا ہے۔ چین کی حکمران کمیونسٹ پارٹی کے رہنماو¿ں کے نیپال کے متواتر دورے اس بات کی نشاندہی کر رہے ہیں۔چین کی کمیونسٹ پارٹی کے نائب وزیر خارجہ نیپال کی بائیں بازو کی جماعتوں کے رہنماو¿ں سے مسلسل ملاقاتیں کر رہے ہیں اور انہیں چینی صدر کا پیغام دے رہے ہیں۔ چین کے محکمہ خارجہ کے جنوبی ایشیائی ممالک کے انچارج سن ہیان، جو 26 جنوری کو کاٹھمنڈو پہنچے تھے ، نے جمعہ اور ہفتہ کو بائیں بازو کے رہنماو¿ں سے کئی ملاقاتیں کیں۔
چینی صدر کے خصوصی پیغام کے ساتھ نیپال پہنچنے والے چینی وفد نے ہفتے کی صبح وزیر اعظم اور نیپال کمیونسٹ پارٹی (ماوسٹ) کے چیئرمین پشپ کمل دہل ’ پرچنڈا‘ سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے فوراً بعد چینی وفد اپنے صدر اور سابق وزیر اعظم کے پی شرما اولی سے ملاقات کے لیے مرکزی اپوزیشن جماعت نیپال کمیونسٹ پارٹی (ای ایم ایل) کے پارٹی دفتر پہنچا۔ دونوں ملاقاتوں کے بعد دیے گئے آفیشیل بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ چین ایک بار پھر نیپال کی بائیں بازو کی جماعتوں کو متحد کرنے کے لیے سرگرم ہو گیا ہے۔ان کے خارجہ امور کے مشیر روپک ساپکوٹا، جو پرچنڈا کے ساتھ ملاقات کے دوران موجود تھے، نے کہا کہ چین کی کمیونسٹ پارٹی اور سی پی این (ماو¿سٹ) کے درمیان تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سی پی این (ایم ایل) کے خارجہ امور کے سربراہ ڈاکٹر راجن بھٹارائی، جو سابق وزیر اعظم کے پی شرما اولی سے ملاقات کے دوران موجود تھے، نے کہا کہ چین نے نیپال میں مغربی ممالک کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ چین نے بھی بی آر آئی منصوبے کے آگے نہ بڑھنے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ جب بھٹارائی سے پوچھا گیا کہ کیا بائیں بازو کی جماعتوں کو متحد کرنے کے بارے میں کوئی بات ہوئی ہے، تو انہوں نے براہ راست جواب نہیں دیا ، لیکن یہ ضرور کہا کہ چین نیپال میں تمام بائیں بازو کی جماعتوں کو مضبوطی سے اقتدار میں دیکھنا چاہتا ہے، یہ ایک کھلا راز ہے۔ان دونوں کے علاوہ چینی وفد دیگر چھوٹی بائیں بازو کی جماعتوں کے رہنماو¿ں سے بھی ملاقات کا ارادہ رکھتا ہے۔ چینی وفد نے اولی کی پارٹی سے علیحدگی اختیار کرنے والے سابق وزیر اعظم مادھو کمار نیپال سے ملاقات کرتے ہوئے چین اور نیپال کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے بارے میں بات کی۔ چینی وفد نے جنتا سماج وادی پارٹی کے صدر اوپیندر یادو سے بھی ملاقات کی۔
