

وزیر اعظم مودی آج سی او پی- 28 میں پیش کریں گے ہندوستان کا موقف، ہندوستانی برادری نے دبئی پہنچنے پر کیا پرتپاک استقبال
دبئی، یکم دسمبر (ہ س)۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اقوام متحدہ کے زیراہتمام ماحولیاتی تحفظ پر منعقد ہونے والی کانفرنس آف دی پارٹیز(سی او پی- 28) میں شرکت کے لیے یہاں پہنچ گئے ہیں۔ وہ جمعرات کی دیر رات دبئی پہنچے۔ وہ آج (جمعہ) شام تک یہیں رہیں گے۔ اس دوران ورلڈ کلائمیٹ ایکشن سمٹ میں شرکت کریں گے۔ وزیر اعظم کانفرنس کے اعلیٰ سطحی افتتاحی اجلاس میں شرکت کریں گے اور اس سے متعلق تین الگ الگ اجلاسوں میں ہندوستان کا موقف پیش کریں گے۔ یہاں پہنچنے پر وزیر اعظم نریندر مودی کا ہندوستانی برادری کے لوگوں نے پرتپاک استقبال کیا۔
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی صدارت میں منعقد ہونے والی کانفرنس میں شرکت کے لیے پہنچے وزیر اعظم نریندر مودی کے آٹھ عالمی رہنماوں کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کرنے کی امید ہے۔ دبئی روانگی سے قبل وزیر اعظم مودی نے نئی دہلی میں کہا تھا کہ ہندوستان ماحولیاتی تحفظ اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے لیے ترقی پذیر ممالک کو مکمل تعاون فراہم کرنے کے حق میں ہے۔
بھارت نے ہمیشہ ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے جو کچھ کہا ہے اسے کرکے دکھایا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بھارت کی قیادت میں جی- 20 اجلاس میں ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے کیا گیا اعلان اور اس سلسلے میں طے پانے والے اتفاق رائے کو سی او پی -28 میں آگے بڑھایا جائے گا۔
اس کے علاوہ وزیر اعظم نریندر مودی ماحولیاتی تحفظ کے لیے ضروری فنڈز اکٹھا کرنے، ماحول دوست کام کے لیے فنڈز فراہم کرنے اور صنعتوں کو ماحول دوست بنانے کے لیے تشکیل کردہ ممالک کی مختلف میٹنگوں میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم تیسری مرتبہ اس اہم عالمی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اس سے قبل وہ 2015 میں پیرس کانفرنس اور 2021 میں گلاسگو (یو کے) کانفرنس میں شرکت کر چکے ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے ہندوستان کی طرف سے مفید تجاویز پیش کی تھیں۔ گلاسگو میں وزیر اعظم نے سال 2070 تک ہندوستان کو کاربن نیوٹرل بنانے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا ہے کہ دبئی کانفرنس پیرس کانفرنس میں کئے گئے فیصلوں کی پاسداری پر غور کرے۔ یہ اہم ہے کہ ترقی پذیر ممالک کو ماحولیاتی تحفظ کے لیے فنڈز فراہم کرنے میں مدد کی جائے۔
وزیر اعظم مودی نے دبئی پہنچنے پر ہندوستانی کمیونٹی کے ساتھ اپنی ملاقات کی کچھ تصاویر اپنے آفیشل ایکس ہینڈل پر اپ لوڈ کی ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ وہ دبئی میں ہندوستانی برادری کی طرف سے پُرتپاک استقبال سے بہت متاثر ہیں۔ ان کی حمایت اور حوصلہ افزائی ہماری متحرک ثقافت اور مضبوط تعلقات کا ثبوت ہے۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
