سلمان خان، کترینہ کیف اور عمران ہاشمی کی اداکاری والی فلم ‘ٹائیگر 3’ باکس آفس پر اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے۔ فلم کے مقامی طور پر 300 کروڑ روپے کمانے کے امکانات کافی حد تک کم ہو گئے ہیں، لیکن اس نے دنیا بھر میں کمائی میں 400 کروڑروپے کا ہندسہ عبور کر لیا ہے۔
سلمان خان کی فلم ٹائیگر تھری کو ریلیز ہوئے نو دن ہوچکے ہیں۔ دوسرے ہفتے میں اس کی کل آمدنی میں بڑی کمی آئی ہے۔ 12 نومبر کو دیوالی پر ریلیز ہونے والی اس فلم نے نویں دن باکس آفس پر سب سے کم کمائی کی۔ انڈسٹری ٹریکر ساکانلک کے مطابق، فلم نے ہندوستان کی تمام زبانوں میں اپنے نویں دن صرف 6.5 کروڑ روپے کا ہی بزنس کیا ہے۔ پہلے ہفتے میں زبردست اوپننگ کے باوجود اس ایکشن فلم کے کلیکشن میں باکس آفس پر نمایاں کمی آئی ہے۔
اس فلم کا کل گھریلو مجموعہ 236 کروڑ روپے رہا ہے۔ موجودہ اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو فلم 250 کروڑ روپے کے قریب پہنچ سکتی ہے، لیکن 300 کروڑ روپے تک پہنچنا بہت مشکل لگتا ہے۔ اگر ہم فلم ‘ٹائیگر-3’ کی دنیا بھر میں کمائی کے اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو یہ فلم 400 کروڑ روپے کمانے میں کامیاب رہی ہے۔ اس کے مقابلے میں یش راج فلمز کی اسپائی یونیورس کی ‘پٹھان’ نے ملک میں 500 کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کی تھی۔
فلم ٹائیگر تھری کی کمائی پہلے ویک اینڈ کے بعد ہی کم ہوگئی۔ اس لیے اب اس مجموعہ میں زیادہ اضافے کا امکان کم ہے۔ فلم 200 کروڑ کا ہندسہ عبور کر چکی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ یہ 250 کروڑ کا ہندسہ آسانی سے عبور کر لے گی، جس سے یہ اس سال کی کامیاب فلموں میں سے ایک بن جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
